دھرتی ماں کے لیے خون کا ایک ایک قطرہ بہائیں گے، رہنما پی ٹی آئی لطیف کھوسہ

بدھ 7 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رہنما تحریک انصاف لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پاکستان کیخلاف کھلی جنگ کے مترادف ہے، کل ہم نے قومی اسمبلی میں متفقہ قرار داد منظور کرکے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ ہمارے اختلافات ہمارے اپنے ہیں لیکن قوم متحد ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھاکہ بزدل دشمن نے شب خون مارا ہے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی شروع سے ہی مسلم کش فسادات کے بانی رہے ہیں، ہماری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح یکجا ہے، دھرتی ماں کے لیے خون کا ایک ایک قطرہ بہائیں گے۔

لطیف کھوسہ کے مطابق آج آل پارٹیز کانفرنس ان کے گھر بلائی گئی تھی، دشواریوں کی وجہ سے دوستوں کو ویڈیو لنک پر لیا گیا، محب وطن ہونے ناطے ضروری ہے کہ دشمن کو واضح موقف دیا جائے، مسلم امہ سمیت بین الاقوامی برادری کو باور کراتے ہیں کہ 1940 کی قرار داد پاکستان کے تحت برصغیر کی تقسیم کا مسئلہ حل طلب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی میں آنا پاگل پن ہے تو ہاں میں پاگل ہوں، لطیف کھوسہ

’کشمیر پر 7 لاکھ بھارتی فوج نے قبضہ کیا ہوا ہے، ہندوستان ہمیشہ سے یہی حرکتیں کرتا چلا آرہا ہےہم اس وقت سیز فائر نہ کرتے جب پشتون جارہے تھے تو آج کشمیر ہمارے پاس ہوتا، اس وقت ہندوؤں نے وعدہ کیا تھا عالمی برادری کے سامنے کے استصواب رائے کے ساتھ فیصلہ کریں گے، آج تک وہ تشنگی قائم ہے۔‘

لطیف کھوسہ نے حکومت کو بھی تحریک انصاف کی جانب سے باقاعدہ ایک ہوٹل میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد نہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی لوگ مسلط ہیں جو مودی کے یار ہیں، ذاتی تقریب میں مودی صاحب تشریف لاتے ہیں اور میاں صاحب انہیں مری کی سیر کرواتے ہیں۔

ہمارا مضبوط قائد اڈیالہ جیل میں کھڑا ہوا ہے، ہم ان کی فسطائیت کو تسلیم نہیں کریں گے، دھرتی ماں کے لیے خون کا آخری قطرہ تک دیدیں گے، جو بھی اس ملک کی جانب میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے پھوڑ دیں گے۔‘

مزید پڑھیں: یہ کہنا غلط ہے کہ ہم اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہیں، رہنما پی ٹی آئی لطیف کھوسہ

لطیف کھوسہ کے ہمراہ اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر نے بھارتی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی مقبولیت جب ختم ہوتی ہے تو وہ پاکستان پر حملہ کرتے ہیں، بھارتی حملے میں معصوم بچے اور خواتین شہید ہوئے ہیں، ہم بھارتی حکومت کے اس وحشیانہ عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ملک احمد بچھر نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں لیکن کوئی بھی آل پارٹیز کانفرنس بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی، انہوں نے کہا شریف فیملی کو اس معاملے کو سنجیدہ لینا چاہیے، ان کی جانب سے ایک بھی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp