بھارت کی جانب سے 4 مئی کو روکا گیا پانی پاکستان کی جانب چھوڑ دیا گیا جس سے یہاں دریائے چناب میں پانی کی سطح بڑھ گئی۔
بھارت نے جمعرات کو اپنے ڈیموں کے دروازے کھول دیے جس کے باعث بعد پاکستان میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ انہار کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی آمد 40710 کیوسک ہے اور اخراج 23810 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمے نے بتایا کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 مئی کو بگلیہار ڈیم سے دریائے چناب کا پانی روک دیا تھا۔
بھارت نے پانی کیوں کھولا چھوڑا؟
اب بھارت نے روکا ہوا پانی پاکستان کی جانب سے کسی ممکنہ کارروائی کے خوف سے چھوڑا یا اس کی کوئی اور وجہ ہے اس حوالے سے وی نیوز کے پاس کوئی حتمی اطلاع نہیں لیکن انڈین ایکسپریس نے اس کی ایک وجہ بتائی ہے۔
قبل ازیں انڈین ایکسپریس کے مطابق ریاسی میں سلال ہائیڈرو پروجیکٹ اور رامبن میں بگلیہار ہائیڈرو پروجیکٹ کے دروازے جمعرات کو کھول دیے گئے تاکہ چناب کا پانی پاکستان کی طرف جاسکے۔
انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بات ایک متعلقہ اہلکار سے ہوئی جس کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش کی وجہ سے ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا جس کے باعث پانی چھوڑنا ضروری ہوگیا تھا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جمعرات کو سلال پاور پروجیکٹ کے 3 گیٹ اور بگلیہار ڈیم کے 2 گیٹ کھولے گئے۔