بھارت نے پاکستان کی جانب سے رافیل طیارے گرانے کا بالواسطہ اعتراف کرلیا، جس کے بعد فرانسیسی کمپنی کے شیئرز مزید گرگئے۔
بھارتی ایئر مارشل اے کے بھارتی نے گزشتہ روز صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں، اگر میں رافیل کے گرنے کا اعتراف کرلوں تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں پاک فضائیہ نے بھارتی رافیل مار گرایا، انڈین ایئر مارشل کا ڈھکا چھپا اعتراف
بھارتی ایئر مارشل اے کے بھارتی کی جانب سے اس اعتراف کے بعد رافیل جہاز بنانے والی فرانسیسی کمپنی ’ڈاسو ایوی ایشن‘ کے شیئرز میں آج مزید 5.59 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کے دوران گزشتہ 5 روز میں فرانسیسی کمپنی کے شیئرز کی قدر مجموعی طور پر 10.33 فیصد گرگئی ہے، جبکہ اس سے پہلے 5 روز میں کمپنی کے شیئرز میں 3.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے مختلف شہروں پر حملہ کیا تھا، جس کے جواب میں پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے تھے، جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا تھا کہ رافیل ایک بہترین جنگی جہاز ہے، لیکن اصل بات پائلٹ کی مہارت ہے کہ وہ اسے کیسے اڑا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں بہتر کون؟ رافیل یا جے 10، عالمی دفاعی اداروں نے جدید ہتھیاروں پر نظریں جما لیں
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بھارتی فضائیہ کے مقابلے میں 0-6 سے کامیابی ملی، ہم نے بھارت نے 6 جہاز مار گرائے جبکہ ہمارے کسی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا اور تمام پائلٹ بھی محفوظ رہے۔