پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد کا اہلکار سفارتی حیثیت کے منافی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا جس پر اسے ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں بھارت: جاسوسی کے الزام میں 2 افراد گرفتار، پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ملک چھوڑنے کا حکم
ترجمان نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اور بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے فیصلہ سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کے سفارتی اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کا سفارتی اہلکار جاسوسی کرنے والوں کے ساتھ رابطے میں تھا، جس کے باعث اسے ملک سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھارتی پنجاب سے 2 افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ پاکستان کے لیے جاسوسی کررہے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے حالیہ معرکے کے بعد حالات بدستور کشیدہ ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں سیز فائر تو ہوگیا ہے، لیکن گزشتہ روز اپنی تقریر میں نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کی۔
یہ بھی پڑھیں بھارتی مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوول اور ایئر چیف کے مابین ناخوشگوار جملوں کا تبادلہ
دوسری جانب پاکستان نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ اگر ہمارے پانی کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو ہم اسے جنگ تصور کریں گے۔