غزہ میں شدید غذائی قلت کے شکار 93 فیصد افراد میں سے ایک ماں کا کہنا ہے کہ وہ جانتی ہیں کہ بھوک کتنی تکلیف دہ ہے اور اب ہمارے بچے بھی یہ جان رہے اور مرنے کے لیے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا انسانیت سوز رویہ: بھوکے پیاسے فلسطینیوں کو صرف 3 فیصد خوراک مل سکی
انٹیگریٹڈ فوڈ سیکیورٹی درجہ بندی (آئی پی سی) کے نئے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں 93 فیصد افراد بحرانی سطح کی شدید غذائی قلت یا اس سے بھی بدتر حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
بھوک کے بحرانوں کی پیمائش کرنے والے بین الاقوامی ادارے آئی پی سی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ غزہ قحط کے سنگین خطرے کا سامنا کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ’او وی خوب دیہاڑے سَن‘، خوشیاں لانے والی سردیاں اور بارشیں اب غزہ والوں کے دل کیوں دہلا دیتی ہیں؟
شمالی غزہ سے، جنگ بندی کے مختصر وقفے میں سیو دی چلڈرن کے ہیلتھ کیئر کلینک میں غذائی قلت کے باعث زیرعلاج 4 بچوں کی 25 سالہ ماں نے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ بھوک کیسی لگتی ہے، ہم نے موت کا ذائقہ چکھا ہے، اب ہمارے بچے مرنے کے لیے صرف اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔
10 لاکھ بچے موت کی دہلیز پر ہیں
سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے امداد اور سامان کی مکمل ناکہ بندی نے خاندانوں کو زندہ رہنے کے لیے ناقابل تصور اقدامات کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ناکہ بندی کو ختم کرنے اور غزہ میں خوراک اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو 10 لاکھ بچے بھوک، بیماری اور بالآخر موت کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
غزہ والے جانوروں کا چارہ کھانے پر مجبور
حالیہ دنوں میں شمالی غزہ کے خاندانوں نے زندہ رہنے کے لیے مایوس کن اقدامات کیے ہیں، جن میں جانوروں کا چارہ، خراب آٹا اور ریت ملا آٹا کھانا شامل ہے۔
اپنی حاملہ بیوی اور 2 سالہ بچے کے ساتھ اس آزمائش کے شکار، شمالی غزہ میں رہنے والے ایک 30 سالہ باپ نے کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ اپنے خاندان کو کیسے کھلاؤں، یہاں کوئی خوراک نہیں ہے، میرے پاس ایسی چیزیں کھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں جو آپ تصور بھی نہیں کر سکتے۔
یہ سب ہمارے ساتھ ہی کیوں؟
انہوں نے کہا کہ یہاں حالات انتہائی مایوس کن ہیں اور ایک افراتفری کا عالم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ ہمارا کیا انجام ہوگا، کوئی بھی باعزت زندگی نہیں گزار رہا، یہ سب ہمارے ساتھ کیوں ہو رہا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کا منصوبہ، جس کے تحت غزہ کے شہری ڈھانچے کو تباہ کرنا اور فلسطینی آبادی کو ایک چھوٹے علاقے میں محدود کرنا شامل ہے، انسانیت کے خلاف جرائم، نسلی صفائی اور نسل کشی کے جاری جرائم میں ایک سنگین اضافہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: اسرائیلی لوٹ مار، اقوام متحدہ نے غزہ متاثرین کے لیے خوراک اور امدادی سامان کی فراہمی روک دی
ادارے کے مطابق اسرائیلی افواج نے فلسطینی شہریوں کی جبری بے دخلی اور خوراک، پانی اور طبی امداد جیسی ضروری اشیا پر سخت پابندیاں عائد کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔
یہ اقدامات اس منصوبے کا حصہ ہیں جسے سابق اسرائیلی جنرل گیورا ایلنڈ نے پیش کیا تھا اور جسے ’جنرلز پلان‘ کہا جاتا ہے۔
اس منصوبے کے تحت شمالی غزہ کی شہری آبادی کو نکالنے اور باقی رہ جانے والے افراد کو جنگجو قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ ان کے خلاف فوجی کارروائیوں کو جائز قرار دیا جا سکے۔
کئی تنظیموں نے دلیل دی ہے کہ یہ طریقہ کار شہریوں کو نشانہ بناتا ہے اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت امتیاز اور تناسب کے اصولوں کو کمزور کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: صیہونی افواج کے ہاتھوں ماری جانے والی 10 سالہ راشا کی وصیت پر من و عن عمل کیوں نہ ہوسکا؟
ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید خدشات کا اظہار کیا ہے کہ یہ اقدامات نسل کشی کے مترادف ہو سکتے ہیں۔
شہری ڈھانچے کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا اور انسانی امداد پر پابندی کو نسل کشی کنونشن کے تحت کسی قومی، نسلی، نسلی یا مذہبی گروہ کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کرنے کے ارادے کے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔