پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہائپر ٹینشن یا ہائی بلڈ پریشر کا دن 17مئی کومنایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں کو ہائپر ٹینشن کی وجوہات اور اس سے بچاؤ کے لیے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سبز چائے کے ان گنت فوائد ، پھر ہو جائے ایک کپ
ہمارے غلط طرز زندگی اور ذہنی تناؤ کی وجہ سے ہم بہت سی بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ جن میں ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور دل کی بیماریاں شامل ہیں۔
آج کل لوگوں کے طرز زندگی میں زیادہ چہل قدمی شامل نہیں اور سوڈیم ، شوگر اور زیادہ چکنائی والی غیر صحت بخش غذاؤں کا استعمال عام ہے۔
بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کے لیے خوراک میں تبدیلی پہلا قدم ہے اور ورزش کو اپنے روزمرہ کے معمولات میں شامل کرنے سے وزن اور بلڈ پریشر کی علامات کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
بلڈ پریشر کے لیے موافق غذا وہ ہے جو متوازن ہوا، متنوع غذائی اجزا سے بھرپور ہو اور جس میں سوڈیم کی کم مقدار شامل ہو۔
میگنیشیئم، پوٹاشیئم اور کیلشیئم تین اہم غذائی اجزا ہیں جو بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:صرف 5 منٹ کی ورزش بلڈ پریشر کنٹرول اور دل کے مسائل کم کرسکتی ہے، تحقیق
پوٹاشیئم جسم کو ضرورت سے زیادہ سوڈیم سے نجات دلاتا ہے اور بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
غذا کے ماہرین نے کچھ ایسے مشروبات تجویز کیے ہیں جو بلڈپریشر کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔
1۔ کیلے کا ملک شیک
کیلا پوٹاشیئم سے بھرپور ہوتا ہے اور بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔
کیلے کے ملک شیک میں میگنیشیئم، پوٹاشیئم اور کیلشیئم کی موجودگی بلڈ پریشر کم کرنے کے لیے مفید ہے۔
2۔ لسی
لسی کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔یہ کیلشیئم اور میگنیشیئم سے بھرپور ہوتی ہے۔ لسی بھی وزن اور بلڈ پریشر کم کرنے کے لیے مفید ہے۔
3۔ انار اور چقندر کا جوس
انار انجیو ٹینشن کنورٹنگ انزائم کی سطح کو کم کر کے بلڈ پریشر کم کرتا ہے۔یہ ایک پروٹین ہے جوجسم میں خون کی نالیوں کے سائز کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ چقندر میں نائٹریٹ(این او3)ہوتا ہےجو جسم میں خون کے بہاؤ کو بہتر بنا سکتا ہے۔
4۔ ناریل کا پانی
ناریل کا پانی پوٹاشیئم سے بھرپور ہوتا ہے۔الیکٹرولائٹس سے بھرپور یہ قدرتی مشروب گردوں میں سے سوڈیم کی مقدار کم کرتا ہے۔اس میں موجود پوٹاشیم کی زیادہ مقدار فالج کے امکانات کم کرتی ہے۔
5۔ ٹماٹر کا سوپ یا ٹماٹر کو جوس(بغیر نمک کے)
ٹماٹر میں لائکو پین اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو ہماری صحت کے لیے مفید ہیں۔
ٹماٹر کے جوس یا ٹماٹر کے سوپ کا روزانہ استعمال سسٹولک اور ڈائسٹولک بلڈ پریشر اور ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو بہتر کرتا ہے۔