سبز چائے کے ان گنت فوائد ، پھر ہو جائے ایک کپ

اتوار 9 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قہوہ یا چائے کی مختلف اقسام ہیں۔ صحت کے حوالے سے بات کی جائے تو ہم سبز چائے کے گنے چنے فوائد سے آشنا ہیں تاہم اس کئی دیگر فوائد بھی ہیں۔ سبز چائے کو اپنے روزانہ کے معمولات میں شامل کرکے جلد ہی آپ اپنی صحت میں بہتری لاسکتے ہیں۔ سبز چائے کا ذائقہ شاید آپ کو تھوڑا سا کڑوا لگ سکتا ہے، جس کے لیے آپ اس میں لیموں یا شہد شامل کرلیں۔

دل کی حفاظت:

طبی ماہرین کے مطابق سبز چائے میں ایک ایسا مرکب دریافت ہوا ہے جو خون کی رگوں اور شریانوں میں چربی جمع ہونے کے باعث پیدا ہونے والی تنگی اور سختی کو دور کرکے ہمارے دل کی حفاظت کرتا ہے اور اس کا مسلسل استعمال دل کے دورے اور فالج کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

چربی جلانا:

سبز چائے موٹاپا کم کرنے کے عمل میں جسم کو میٹابولک ایکشن کے ذریعے سہولت فراہم کرتی ہے۔ ہر انسان کے موٹاپے کی نوعیت مختلف ہوتی ہے لیکن سبز چائے ہر کسی کو فائدہ پہچانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ سبز چائے میں موجود کیفین جسم کی کارگردگی بڑھاتی ہے۔

دانتوں کے لیے مفید:

سبز چائے میں بیکٹیریا کو ختم کرنے کی خاصیت پائی جاتی ہے۔ اسی لیے اسے دانتوں کی صحت کے لیے بھی موزوں سمجھا جا تا ہے۔ سبز چائے کو چینی کے بغیر پینے کی کوشش کریں تاکہ اس کا دانتوں پر اثر نہ ہو۔

الزائمر کا توڑ:

تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ سبز چائے دماغ کے خلیوں کی حفاظت کرتی ہے اور انہیں بے کار ہونے سے بچاتی ہے۔ سبز چائے بڑھتی عمر میں یادداشت اور الزائمر جیسی بیماریوں سے بچنے اور پارکنسز جیسی بیماری کے خطرات کو کافی حد تک روکنے میں مدد کرتی ہے۔ بہت زیادہ ٹینشن میں سبزچائے پینے سے سکون ملتا ہے۔

کینسر کےخطرات میں کمی:

محققین کے مطابق سبز چائے میں موجود پولیفینولز نامی جزو کینسر کے خلیات کو مارنے اور ان کی پیش قدمی کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ سبز چائے استعمال کرنے والی خواتین میں علاج کے بعد بریسٹ کینسر کے لوٹنے کا امکان کم ہوتا ہے۔ امریکی تحقیق میں اسے آنتوں کے کینسر کا خطرہ 30 فیصد تک کم کرنے کے لیے بہترین بتایا گیا۔

کولیسٹرول کم کرتی ہے:

سبز چائے خون میں خراب کولیسٹرول کو کم کرتی ہے جبکہ صحت کے لیے ضروری کولیسٹرول کی سطح کو بڑھاتی ہے۔ ہائی کولیسٹرول فالج اور دل کے دورے کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔

ذیابطیس کا توڑ:

ماہرین کے مطابق سبز چائے انجائنا اور ذیابطیس ٹائپ ٹو کو کنٹرول کرتی ہے۔ اگر آپ پابندی سے سبز چائے پیتے رہیں تو خون میں شوگر کے اضافے کو بھی کنٹرول کرسکتے ہیں۔ امراض قلب کی روک تھام کے سلسلے میں سبز چائے میں موجود اجزاء خون کی شریانوں میں کولیسٹرول میں اضافے کے خلاف ایک مستحکم اور مضبوط دفاعی نظام فراہم کرتے ہیں۔

الرجی سے چھٹکارا:

سبز چائے فلیونوئڈز یعنی نباتاتی کیمیکلز سے بھرپور ہوتی ہے جو سوجن سے تحفظ دیتے ہیں۔ الرجیز کا سامنا ہونے پر روزانہ کچھ کپ اس مشروب کے استعمال سے ناک کے اندرونی حصے کی سوجن میں کمی آسکتی ہے جو الرجی سے تحفظ کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے۔

ہاضمہ اور سر درد میں مفید:

بدہضمی سے ہونے والی گیس اور سردرد کے لیے سبز چائے میں الائچی ڈال کر پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔ الائچی معدے میں موجود لعابی جھلی کو مضبوط بناتی ہے، اس لیے یہ تیزابیت کے لیے مفید ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp