دریائے نیلم میں پانی روکے جانے کی خبروں پر ڈی سی نیلم اور محکمہ آبپاشی کے ذمہ داران کا مؤقف سامنے آگیا۔ بتایا گیا ہے کہ دریائے نیلم میں پانی کی کمی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم احمد جنجوعہ کا کہنا ہے کہ دریائے نیلم اس وقت معمول کے مطابق بہہ رہا ہے دریائے نیلم کے پانی کے بہاؤ میں ابھی تک کمی نہیں ہوئی، اپنی آب وتاب سے بہہ رہا ہے۔ گزشتہ 3 روز کے اندر دریا کے بہاؤ میں کوئی کمی ریکارڈ نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں: عالمی برادری نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ پر بھارتی حملے کا نوٹس لے، پاکستان کا مطالبہ
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم سے پانی روکے جانے کی خبریں گزشتہ رات سے گردش کررہی ہیں۔ کہا گیا تھا کہ بھارت نے آبی جارحیت کرتے ہوئے کشن گنگا سے دریائے نیلم کا پانی روک لیا ہے، جس سے دریائے نیلم میں پانی کا بہاؤ معمول سے 40 فیصد تک کم ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 اپریل 2025 کو بھارتی حکومت نے پہلگام حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکی دی تھی اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے ردعمل میں چین نے مہمند ڈیم کی تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لا کر منصوبے کو تزویراتی اہمیت دے دی ہے۔