خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) نے فلکیاتی ماڈلز کی بنیاد پر ذوالحجہ 1446 ہجری کے چاند سے متعلق سائنسی تجزیہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ذوالحجہ کا نیا چاند 27 مئی 2025 کو پاکستان معیاری وقت کے مطابق صبح 08 بج کر 02 منٹ پر پیدا ہوگا۔
سائنسدانوں کے مطابق 27 مئی 2025 کو جب سورج غروب ہوگا تو چاند کی عمر قریباً 11 گھنٹے اور 34 منٹ ہوگی۔ تاہم، سائنسی تجزیہ کے مطابق، غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی بلندی، روشنی اور افق سے فاصلہ اتنا کم ہوگا کہ بہترین موسمی حالات میں بھی ملک بھر میں چاند کے نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ ان سائنسی شواہد کی بنیاد پر یکم ذوالحجہ 29 مئی 2025 کو ہونے کا قوی امکان ہے، جس کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون 2025 بروز ہفتہ منائی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے حوالے سے ماہرین فلکیات کی پیشگوئی
تاہم، سپارکو نے واضح کیا ہے کہ چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی شرعی شہادتوں اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ صادر کرے گی۔