عید قربان کی آمد: ’اگر مویشی منڈی میں مرغی لے آئیں تو وہ بھی ایک لاکھ کی ہوجائے‘

جمعہ 23 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر میں مسلمان ہر سال سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے عید الاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کرتے ہیں جس کے لیے ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ خوبصورت اور اچھا جانور اللّٰہ کی راہ میں قربان کرے۔ پاکستان میں بھی ہر سال لوگوں کی ایک بڑی تعداد جانور قربان کرتی ہے۔ جس کے لیے عید الاضحیٰ سے قبل ملک بھر میں مویشی منڈیاں لگتی ہیں تاکہ شہری اپنی گنجائش کے حساب سے مناسب جانور خرید سکیں۔

حالیہ برسوں میں پاکستان میں کمر توڑ مہنگائی کے باعث لوگوں کی قوت خرید جواب دے گئی جس کی وجہ سے مویشی منڈیوں میں جانوروں کے خریداروں کی کمی آئی ہے اور وہ منڈیوں کا رخ نہیں کرتے۔ کیونکہ عید الاضحیٰ قریب آتے ہی مویشی منڈیوں میں جانوروں کی قیمتیں دگنی ہو جاتی ہیں۔ مویشی منڈی جانے والے شہری مویشی مہنگے ہونے اور بیوپاری خریدار نہ ہونے کے شکوے کرتے نظر آتے ہیں۔

خریداروں کا کہنا ہے کہ پچھلے سال جس قیمت میں گائے خریدتے تھے اس سال اس قیمت میں بکرے مل رہے ہیں، قیمتوں میں دگنا اضافہ ہو گیا ہے۔ کئی صارفین تو مہنگائی کے پیشِ نظر مرغی کی قربانی کا فتوے مانگتے نظر آتے ہیں۔

سینئر اداکار نعمان اعجاز بھی جانوروں کی قیمت سے پریشان نظر آتے ہیں انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں لکھا کہ ’اس وقت اگر مویشی منڈی میں مرغی بھی کھڑی کر دو تو اس کے بھی ایک لاکھ مانگ لیں گے‘۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ قربانی ایک عاجزانہ عبادت تھی، پر اب انا کی نمائش بن چکی ہے۔ جتنا بڑا جانور، اتنا بڑا غرور۔

انہوں نے جانوروں کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پر جانوروں کی قیمتیں ایسے بتائی جاتی ہیں جیسے لگژری گاڑیوں کی نیلامی ہو۔ قربانی کی روح غرور کے نیچے دفن ہوتی جا رہی ہے۔ یہ عید نہیں، تماشہ ہے۔

خیال رہے کہ عید الاضحیٰ کے پیش نظر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں ’گو کیش لیس‘ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مویشی منڈیوں میں نقد رقم کی بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

اب بیوپاری اور خریدار دونوں ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ بیوپاری چارے، پانی، پارکنگ اور دیگر ادائیگیاں بھی ڈیجیٹل طریقے سے انجام دے سکتے ہیں۔

اس مہم کے تحت مالیاتی لین دین میں سہولت اور اضافی حد کا اطلاق 20 مئی سے 16 جون تک ہوگا، اور یہ سہولت ملک بھر کی 54 مویشی منڈیوں میں دستیاب ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp