اسرائیل کا غزہ کے 77 فیصد علاقے پر قبضہ، مزید 23 فلسطینی شہید

اتوار 25 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت میں مزید 23 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں ایک مقامی صحافی اور ریسکیو سروس کا ایک سینیئر اہلکار بھی شامل ہیں۔

فلسطین کے محکمہ صحت کے مطابق اتوار کے روز اسرائیلی فوج کے خان یونس، جبالیہ اور نوصیرات میں الگ الگ حملوں میں 23 افراد شہید ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی حملہ، خاتون فلسطینی ڈاکٹر کے 10 میں سے 9 بچے شہید

اسرائیلی فوج کے جبالیہ میں فضائی حملے میں جبالیہ کے مقامی صحافی حسن ماجدی ابو وردہ اور ان کے خاندان کے کئی افراد شہید ہوگئے، جبکہ نصیرات میں ایک اور فضائی حملے میں غزہ کی سول ایمرجنسی سروس کے ایک سینیئر اہلکار اشرف ابو نار اور ان کی اہلیہ شہید ہوگئے۔

غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینی صحافیوں کی تعداد 220 ہو گئی

یاد رہے کہ حماس کے زیر انتظام غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے کہا ہے کہ ابو وردہ کی شہادت سے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینی صحافیوں کی تعداد 220 ہو گئی ہے۔

غزہ کے 77 فیصد علاقے پر اسرائیل کا کنٹرول

ایک الگ بیان میں میڈیا آفس نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی کے 77 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے، اسرائیل نے یہ علاقے زمینی افواج یا اور بمباری کے ذریعے غزہ کے رہائشیوں کو مسلسل اپنے گھروں سے دور کر حاصل کیا ہے۔

سرکاری میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل نسل کشی، جارحیت اور غزہ کی پٹی پر وسیع پیمانے پر قبضہ تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے جو طاقت کے ذریعے غزہ پر مکمل مسلط ہونے کے اسرائیلی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے غزہ پر مکمل قبضے کا اعلان کردیا

یاد رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت سے غزہ میں 53 ہزار900 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، شہدا میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے، اسرائیل نے گزشتہ 3 ماہ سے غزہ کی ناکہ بندی کررکھی ہے، جس سے غزہ کے شہریون کو شدید غذائی قلت کا سامنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp