اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے 28 مئی 2025 کو ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات یوم تکبیر کی سرکاری تعطیل کے باعث ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان بورڈ کے مطابق ملتوی شدہ امتحانات اب 30 مئی بروز جمعہ کو پرانے شیڈول کے مطابق انہی اوقات میں لیے جائیں گے۔ اس تبدیلی سے سائنس پری میڈیکل اور سائنس جنرل گروپ کے طلبہ متاثر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: یوم تکبیر قوم کی استقامت، غیر متزلزل ارادے اور علاقائی امن و استحکام کا ثبوت ہے، قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی
ترجمان کا بتانا ہے کہ بوٹنی پرچہ اول جو 28 مئی کو صبح 9 بجے تا 11 بجے ہونا تھا، اب 30 مئی کو انہی اوقات میں لیا جائے گا۔
انگلش نارمل پرچہ اول اور انگلش ایڈوانسڈ پرچہ اول (فیل طلبہ کے لیے) جو 28 مئی کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ہونے تھے، اب 30 مئی کو سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک لیے جائیں گے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ امتحانی مراکز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور تمام امیدوار اپنے پرانے داخلہ کارڈ کے ساتھ متعلقہ مراکز پر ہی حاضر ہوں۔












