وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ مکمل کرکے ایران پہنچ گئے

پیر 26 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ترکیہ کا دورہ مکمل کرکے 2 روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے۔

مہرآباد ایئرپورٹ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی، ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم، پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹیپو اور اعلیٰ سفارتی اہلکاروں نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو ایرانی فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر سے ملاقات، پاک بھارت کشیدگی کے دوران حمایت پر شکریہ ادا کیا

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی وزیراعظم سید طارق فاطمی دورہ ایران میں وزیراعظم کے ساتھ وفد میں شامل ہیں۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے لیے سعدآباد پیلس تہران پہنچیں گے، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

بعد ازاں وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی ایرانی صدر اور ان کے وفد کے ساتھ ملاقات ہوگی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ اور پاکستان پر بھارت کی جانب سے مسلط کردہ حالیہ جنگ میں پاکستان کی حمایت و جنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں کے لیے وزیراعظم ایرانی صدر و عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔

وزیراعظم اور پاکستانی وفد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کریں گے جہاں دوطرفہ امور کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی امور پر گفتگو ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم شہباز شریف 25 مئی سے ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کریں گے

وزیراعظم و پاکستانی وفد ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp