بھارت بیرون ملک قتل و غارت، مداخلت اور غیر ملکی علاقوں پر قابض ہے، ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 28 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان پر دفتر خارجہ ردعمل سامنے آگیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے ایک بار پھر تاریخی مسخ کاری اور اقلیتوں کے خلاف اندرونی جبر کو نظرانداز کرتے ہوئے اشتعال انگیز بیانیہ اپنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارتی قیادت میں سیاسی بلوغت اور شائستگی کے زوال پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

انہوں نے کہا کہ پانی جیسے مشترکہ اور معاہدہ شدہ وسیلے کو ہتھیار بنانے کی بات بین الاقوامی اصولوں سے انحراف کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ بھارت کے علاقائی رویے اور اس کے عالمی عزائم میں تضاد کو ظاہر کرتی ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی احترام کی خواہاں قیادت کو دوسروں کو دھمکانے سے پہلے اپنا احتساب کرنا چاہیے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت بیرون ملک قتل و غارت اور دیگر ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت میں ملوث ہے اور غیر ملکی علاقوں اور عوام پر قابض ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کا ریکارڈ منظم جبر پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ایسا ملک اب خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، موجودہ بھارتی حکومت کے نظریاتی پیروکاروں نے پر ہجوم تشدد کو معمول بنا لیا ہے، انہوں نے نفرت انگیز مہمات کو فروغ دیا ہے اور مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارتی وزیراعظم کا بیان غیرذمہ دارانہ اور جھوٹ پر مبنی ہے، دفتر خارجہ

ترجمان نے خبردار کیا کہ یہ اقدامات اگرچہ اندرونِ ملک سیاسی مقاصد کے لیے کارگر ہو سکتے ہیں، لیکن عالمی سطح پر ان کا دفاع ممکن نہیں، ایسے اعمال بھارت کو ایک ذمہ دار علاقائی طاقت کے طور پر پیش کرنے میں رکاوٹ ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی نظام کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کرے، ان اصولوں میں دوسرے ممالک کی خودمختاری کا احترام، معاہدہ جاتی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور گفتار و کردار میں ضبط و احتیاط شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم میں قوم پرستی کا شعلہ بھڑکانا وقتی سیاسی فائدہ تو دے سکتا ہے، لیکن طویل المدتی امن و استحکام کو نقصان پہنچاتا ہے، بھارت کے نوجوان، جو اکثر قوم پرستانہ سیاست کا پہلا نشانہ بنتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ خوف کی سیاست کو مسترد کریں اور وقار، عقل اور علاقائی تعاون پر مبنی مستقبل کے لیے کام کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp