حکومت نے اقتصادی سروے 26-2025 میں مختلف اعدادو شمار جاری کیے ہیں، سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت پاکستانی سڑکوں پر رواں دواں گاڑیوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 86 لاکھ ہے، ملک میں موجود موبائل فونز کی مجموعی تعداد 19 کروڑ 75 لاکھ ہے۔
اقتصادی سروے کے مطابق ایک سال میں موبائل فونز کی تعداد میں 50 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گاڑیوں کی تعداد میں 12 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں 2025 میں کس کمپنی کی گاڑیاں زیادہ فروخت ہوئیں؟
پاکستانی سڑکوں پر رواں گاڑیوں کی تعداد میں میں 10 سالوں میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے، سال 14-2013 کے سروے کے مطابق ملک بھر میں گاڑیوں کی تعداد 1 کروڑ 32 لاکھ تھی جو کہ اب 3 گنا بڑھ کر 3 کروڑ 86 لاکھ ہو گئی ہے۔ 17-2016 میں یہ تعداد 1 کروڑ 56 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 19 لاکھ ہو گئی، ایک سال میں گاڑیوں کی تعداد میں 63 لاکھ کا یہ اضافہ ریکارڈ تھا۔
اقتصادی سروے کے مطابق ملک بھر میں موجود موبائل فونز کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، 2000 کی دہائی میں ملک بھر میں موجود موبائل فونز کی تعداد 3 کروڑ 66 لاکھ تھی، اس تعداد میں ہر سال 50 لاکھ سے ایک کروڑ کا اضافہ ہوتا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:آئندہ مالی سال میں 25 ارب ڈالر سے زائد قرض کا تخمینہ، قرضوں کی ری فائنانسنگ کا منصوبہ مرتب
سال 15-2014 میں موبائل فونز کی تعداد 11 کروڑ 47 لاکھ تھی جو کہ اب بڑھ کر 19 کروڑ 75 لاکھ ہو گئی ہے، رواں مالی سال کے دوران مارچ 2025 تک موبائل فونز کی تعداد میں 50 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اور مجموعی تعداد 19 کروڑ 75 لاکھ ہو گئی ہے، سال 21-2020 کے دوران موبائل فونز کی تعداد میں سب سے زیادہ ایک کروڑ 56 لاکھ فونز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔