وزیراعظم پاکستان کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، اقوام متحدہ سے فوری اقدام کا مطالبہ

جمعہ 13 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایران پر اسرائیل کے حملے کو بلا اشتعال اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ایران پر اسرائیل کا بلا جواز حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر میں ایرانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے خبردار کیا کہ یہ سنگین اور غیر ذمہ دارانہ اقدام پہلے سے غیر مستحکم خطے کو مزید انتشار کی طرف دھکیل سکتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے، کیونکہ یہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایران پر اسرائیل کے حالیہ فوجی حملوں کو ایرانی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی سراسر خلاف ورزی ہیں، جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

مزید پڑھیں: بھارتی میڈیا باز نہ آیا، ایئر انڈیا حادثے میں ترکیہ کو ملوث کرنے کا پروپیگنڈا بے نقاب

انہوں نے ایران میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایرانی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور اس کڑے وقت میں پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

صدرِ مملکت نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جارحیت کے مرتکب عناصر کا احتساب کرے اور فوری طور پر مؤثر اقدامات کے ذریعے اس بگڑتی ہوئی صورتحال کو روکنے میں کردار ادا کرے، تاکہ خطے کو ایک وسیع تر جنگ سے بچایا جا سکے۔

پاکستان کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا دو ٹوک ردعمل

پاکستان نے ایران پر اسرائیل کے حالیہ بلاجواز فضائی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہفتے کے روز ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ حملہ نہ صرف بین الاقوامی قانون کی دھجیاں اڑاتا ہے بلکہ انسانیت کے ضمیر کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے۔

وزیر خارجہ نے ایران پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

’اس گھناؤنے اقدام نے بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کے ساتھ ساتھ انسانیت کے ضمیر کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے، اور علاقائی استحکام و عالمی امن کو بری طرح متاثر کیا

ہے۔ پاکستان ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے۔‘

خیبر پختونخوا کابینہ کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ اسرائیلی حملے پر برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔

مزید پڑھیں: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل کو خبردار کردیا، حملے کے بعد پہلے بیان میں کیا کہا؟

کابینہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ایران پر حملہ پورے عالم اسلام پر حملے کے مترادف ہے۔ یہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ ایرانی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کھلا حملہ ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

صوبائی کابینہ نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ہر سطح پر ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

کابینہ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عالمی برادری کو فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے چاہییں۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام برادر اسلامی ملک ایران کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اور ہم ہر محاذ پر ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی حملے غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک ہیں، جوہری مذاکرات کے ثالث عمان کا ردعمل

دوسری جانب، دفتر خارجہ کی جانب سے جاری باضابطہ بیان میں بھی اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کی خودمختاری پر حملہ کیا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایران کو اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان نہ صرف اس حق کو تسلیم کرتا ہے بلکہ ایرانی عوام کے ساتھ پوری قوت سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

مزید پڑھیں:ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 9 فیصد سے زائد اضافہ

’اسرائیل کی یہ اشتعال انگیزی پورے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، جس کے اثرات علاقائی حدود سے باہر بھی محسوس کیے جائیں گے۔‘

پاکستان نے عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی بالادستی یقینی بنائے، اسرائیلی جارحیت کو فی الفور روکے اور حملہ آور ریاست کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے۔

یہ مؤقف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں شدید انتقامی کارروائی کا عندیہ دیا ہے، اور خطے میں تناؤ انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp