یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بلاول بھٹو

جمعہ 5 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کشمیر کی آئینی حثیبت تبدیل کرنے کے حوالے سے نام لیے بغیر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات سلامتی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ایسے اقدامات شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد کے بھی خلاف ہیں۔

بھارت میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ بڑی طاقتیں جب امن سازی میں کردار ادا کریں، اس وقت ہمیں چاہیے کہ اپنے لوگوں کے وسیع ترمفاد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ علاقائی امن قائم کریں تاکہ اقتصادی اور تجارتی راہ ہموار ہو سکے۔

وزیر خارجہ نے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے ہررکن ملک کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے۔ تمام ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے باہم جڑے ہوئے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دہشت گردی کی لعنت کو اجتماعی طور پر ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سفارتی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے دہشت گردی کو ہتھیار نہیں بنانا چاہیے۔

’پر امن افغانستان نہ صرف علاقائی، اقتصادی بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔‘

ایس سی او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے ہر رکن ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

بلاول بھٹو کے مطابق  شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی مسائل کے حل کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم ایک مضبوط بین الاقوامی کثیر جہتی تنظیم ہے۔ علاقائی رابطوں کو بڑھانے میں ایس سی او کا کردار اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او تعمیری، باہمی تعاون کے ذریعے سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے کا پلیٹ فارم ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت غربت کے خاتمے کے لیے تعاون ضروری ہے۔

’پاکستان کا تجویز کردہ غربت کے خاتمے پرخصوصی ورکنگ گروپ کا قیام ایک قدم ہوگا۔‘

بلاول بھٹو نے سمٹ کے حوالے سے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گوا میں میری موجودگی پاکستان کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ موسمیاتی تبدیلی انسانیت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp