کراچی میں موسم شدید گرم، بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی

پیر 16 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں صبح سے کچھ مقامات پر درجہ حرات 56 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جا رہا ہے، سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے، تاہم اس صورتحال میں پوشیدہ اچھی خبر یہ ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے معتدل شدت کی بارش بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چند گھنٹوں کے دوران شہر کے مضافات میں گرج چمک کے بادلوں کی تشکیل متوقع ہے، دوپہر شام کے دوران ان کے اثرات سے شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بارش کے واضح امکانات موجود ہیں، دن میں تین بجے کے بعد شہر میں بادل بننے کا سلسلہ شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:زلزلے کے 36 جھٹکوں کے بعد کراچی کے کچھ علاقوں کی زمین دھنسنے کی حقیقت کیا؟

کراچی میں بحریہ ٹاؤن، گڈاپ، معمار، حدید، سرجانی اور اطراف کے علاقوں میں بارش کے زیادہ تر امکانات ہیں جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے معتدل شدت کی بارش متوقع ہے جبکہ کل شہر کے مضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر کے مطابق جنوبی بھارتی ریاست گجرات کے جنوب مشرق میں اس وقت ہوا کا ایک کم دباؤ موجود ہے، جس کے باعث سندھ کے جنوبی اور جنوب مشرقی علاقوں پر اس کا اثر پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ کے بجٹ برائے سال 26-2025 میں کراچی کے لیے کن منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے؟

’اس سسٹم کے زیر اثر آج کراچی کے دور دراز علاقوں میں بھی بادل بنیں گے، جو کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ کچھ علاقوں خصوصاً مشرقی اور شمالی علاقوں بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔‘

دوسری جانب بدین، ٹھٹھہ، میرپور خاص، عمرکوٹ اور خاص طور پر تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

 مقامی سطح پر گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، شہریوں کو احتیاط برتنے اور اپڈیٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp