’میں اسی قابل ہوں کہ میری توہین ہو‘، سہیل وڑائچ کا فضا علی کے تبصرے پر جواب

منگل 17 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اداکارہ و گلوکارہ فضا علی کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں اس قابل ہوں کہ میری توہین ہو‘۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں  سہیل وڑائچ سے ان کے اور میزبان و اداکارہ فضا علی کے حالیہ تنازع پر سوال کیا گیا جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نہ مجھے غصہ ہے اور نہ کسی سے نفرت۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جتنا جواب دینا تھا وہ میں سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر دے چکا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ’صحافی نہ ہوتے تو واش روم صاف کرتے‘، فضا علی کے تبصرے پر سہیل وڑائچ بھی بول اٹھے

سہیل وڑائچ نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ یہ تنازعہ اب ختم ہو جائے کیونکہ میں خود غلطیوں کا پتلا ہوں۔ مجھے لگتا ہے میں ہی دنیا کا سب سے بڑا گناہگار ہوں گا اس لیے میں کسی کو اس کا ذمہ دار سمجھتا ہوں اور نہ چاہتا ہوں کسی کی توہین ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس قابل ہوں کہ میری توہین ہو۔

ان کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔ صحافی انصار عباسی نےکہا کہ آپ کے احترام اور عزت میں اضافہ ہو۔ یقیناً عزت اور ذلت صرف اور صرف اللہ تعالی ہی کے ہاتھ میں ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آپ پاکستان کے پسندیدہ ترین صحافیوں میں سے ایک ہیں۔

محمد عمر خالد نے سہیل وڑائچ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ عظیم انسان ہیں۔

زمان مہر نے طنزاً لکھا کہ فضا علی نے آپ کو کافی دکھ دیا ہے۔

 واضح رہے کہ اداکارہ و گلوکارہ فضا علی کو گزشتہ دنوں سینئر صحافی سہیل وڑائچ سے متعلق متنازع بیان دینے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں ںے ایک پروگرام میں کہا کہ اگر سہیل وڑائچ صحافی نہ ہوتے تو کسی مشہور ہوٹل یا ریسٹورنٹ میں واش روم صاف کر رہے ہوتے، کیونکہ وہ ہر عورت کے واش روم میں چلے جاتے ہیں۔

فضا علی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کو خوب تنقہد کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صحافی کی تضحیک کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اداکارہ کے اس بیان پر سینئر صحافی نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری حیثیت بیت الخلا صاف کرنے والوں سے بھی کمتر ہے۔ میں تو گلیوں کی وہ خاک ہوں جسے میاں محمد بخش نے ’گلیاں دا روڑا کُوڑا‘ کہا تھا۔ میرے نزدیک بیت الخلا کی صفائی کوئی ذلت کی بات نہیں ہے بلکہ دوسروں کی گندگی کو صاف کرنا ایک عظیم خدمت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp