وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ڈسکوز کے چئرمینز اور سی ای اوز کو فوری اور موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اویس لغاری نے مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر پیشگی مرمت اور حفاظتی انتظامات کو مکمل کرنے کے احکامات دیے ہیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی بجلی کی بندش سے محفوظ رکھا جا سکے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ محرم کے دوران ملک بھر میں لاکھوں عزادار شرکت کریں گے، اور اس سال گرمی کی شدت میں اضافے کے امکانات بھی ہیں، لہٰذا عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈسکوز میں خراب سامان کی فوری مرمت یا تبدیلی یقینی بنائی جائے اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ یوم عاشورہ پر ایمرجنسی ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں: جذبات میں کہہ گیا تھا کہ 6 مہینے میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف
مزید برآں، وفاقی وزیر نے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے صارفین خصوصاً امام بارگاہوں اور مساجد کو کسی بھی ممکنہ شیڈولڈ مرمت یا لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے پیشگی آگاہی دینے کی ہدایات بھی دیں۔
حساس مقامات پر اسٹینڈ بائی جنریٹرز اور یو پی ایس سسٹمز کی دستیابی کو یقینی بنانے، اور کسی بھی غیر متوقع گرڈ مسئلے کی صورت میں بیک اپ بجلی فراہم کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
محرم الحرام کے دوران تکنیکی اور آپریشنل عملے کی 24 گھنٹے دستیابی اور تمام سطحوں پر مخصوص کنٹرول سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اویس لغاری نے تمام اقدامات کی رپورٹ پاور ڈویژن کو پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔