سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ یہ اہم پیشرفت پیر کے روز اُس وقت سامنے آئی جب سردار تنویر الیاس نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں صدر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین فریال تالپور سے ملاقات کی۔
ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ضیاء لنجار اور دیگر اہم رہنما بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیے ہائی کورٹ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو نااہل قرار دے دیا
ترجمان زرداری ہاؤس کے مطابق، سردار تنویر الیاس کے ساتھ علی شان سونی اور احمد صغیر نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخی جدوجہد اور قربانیاں بے مثال ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس جماعت کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے عمران خان کے 2 چہرے ہیں جنہیں میں بے نقاب کروں گا، سردار تنویر الیاس
فریال تالپور نے پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت پارٹی کو مزید تقویت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’جب بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنیں گے تو آزاد کشمیر کی ترقی نئی بلندیوں کو چھوئے گی، اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا خواب بھی حقیقت میں بدلے گا۔‘