سپریم کورٹ نے انصاف تک رسائی کے نظام اور لوگوں کو سہولیات بہم پہنچانے کے عزم کے تحت دور دراز علاقوں کے وکلا کو ویڈیولنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کی سہولت دے دی۔
سپریم کورٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق مذکورہ سہولت سندھ ہائیکورٹ ڈویژن بینچ سکھر اور پشاور ہائیکورٹ کے بنوں، ایبٹ آباد، مینگورہ (سوات) اور ڈی آئی خان بینچز میں مہیا کی گئی ہے۔
مذکورہ سہولت کے بعد دور دراز علاقوں کے وکلا کو سپریم کورٹ میں براہِ راست پیش ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
یہ سہولت دوسرے صوبوں کے دور دراز علاقوں میں بھی مہیا کی جائے گی، یہ نظام کی جدیدیت کی طرف ایک قدم ہے۔