وفاقی حکومت نے ملک بھر میں چلنے والے یوٹیلیٹی اسٹورز 10 جولائی 2025 سے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کو ادارے کی بندش پر رضاکارانہ علیحدگی اسکیم (VSS) کے تحت پیکج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں فیصلے کے مطابق، ملک بھر میں تمام فعال اسٹورز 2 جولائی سے اپنے آپریشنز مرحلہ وار بند کرنا شروع کر دیں گے۔ اسٹورز میں موجود تمام سامان کو مرکزی گوداموں (وئیر ہاؤسز) میں منتقل کیا جائے گا، جہاں سے یہ سامان حکام کی نگرانی میں واپس دکانداروں کو سپرد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: حکومت کا نقصان میں چلنے والے 1700 یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے، ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ اسٹورز اور دفاتر میں موجود آئی ٹی آلات، فرنیچر، ریکس اور دیگر اثاثہ جات کو شفاف طریقے سے نیلام کیا جائے گا۔ نیلامی سے قبل ان اثاثوں کی قیمت کا تخمینہ جنرل منیجرز اور آئی ٹی ونگ کی مدد سے لگایا جائے گا۔
دریں اثنا، کرائے پر قائم اسٹورز کو یکم اگست سے خالی کرنے کے نوٹسز بھی جاری کیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت کفایت شعاری، نقصانات میں کمی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات کا اعلان کرچکی ہے۔