یوکرین کی خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ شمالی کوریا نے روس کے ساتھ یوکرین کے خلاف محاذ پر لڑنے والے اپنے فوجیوں کی تعداد میں 3 گنا اضافے کا فیصلہ کردیا ہے۔
سی این این کی خبر کے مطابق رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے 11 ہزار فوجی اس وقت روس کے ہمراہ یوکرین کے خلاف لڑ رہے ہیں تاہم اب ان کی تعداد 30 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: یوکرین کا روس کے ایئربیس پر حملہ، 40 سے زیادہ بمبار طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ
خبر کے مطابق اس سے قبل نومبر میں بھیجے گئے 11 ہزار شمالی کورین فوجیوں نے روس کے علاقے کریسک میں یوکرین کے حملے کو روکنے میں مدد کی۔ مغربی حکام کے مطابق ان فوجیوں میں سے تقریباً 4 ہزار کو ہلاک یا زخمی کیا گیا تھا۔
اس رپورٹ کے مطابق روس اپنے ہوائی جہازوں کو بڑی تعداد میں فوجیوں کو لے جانے کے لیے تیار کررہا ہے۔ روس کی دونائی بندرگاہ پر بحری جہاز کی آمد اور شمالی کوریہ کے سونان ہوائی اڈے پر کارگو فضائی جہازوں کی موجودگی کو اس خفیہ رپورٹ میں شمالی کوریا کے دستوں کی نقل و حرکت کے لیے ممکنہ تیاری کے طور پر دیکھا گیا ہے۔













