وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے تعلیم، ہنر اور قابل تجدید ذرائع میں مشترکہ منصوبوں کوفروغ دینے کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے اس اہم عہدے پر منتخب ہونے پر فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ یوسف کے انتخاب نے اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ بھرکی ترقی اور اس ترقی میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کے اہم اور مثبت کردار کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم نے ان کی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، پانی کے انتظام، ہوا اور شمسی ٹیکنالوجی اور عوام کے درمیان روابط شامل ہیں۔
دونوں فریقین نے تعلیم، ہنر کی ترقی اور قابل تجدید ذرائع میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اسکاٹ لینڈ کے پاکستانی تاجروں سے فائدہ اٹھانے کے طریقے بھی تلاش کیے۔
موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم
فریقین نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے اور اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کی قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو دکھانے کے لیے الگ سے ایک روڈ شو کا اہتمام کرنے کی تجویز دی۔
وزیر اعظم نے اسکاٹش حکومت کا گزشتہ سال سیلاب کی امداد میں فراخدلی سے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے حمزہ یوسف کو دورہ پاکستان کی پرخلوص دعوت دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا۔
حمزہ یوسف اسکاٹش نیشنل پارٹی کی قیادت کرتے ہیں اور انہیں مارچ میں اسکاٹش پارلیمنٹ نے اسکاٹش حکومت کی سربراہی کے لیے منتخب کیا تھا۔ وہ پاکستانی ورثے کے پہلے برطانوی شہری ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔
عمران خان نے میرے خلاف ہر حربہ استعمال کیا مگر ناکامی ہوئی: شہباز شریف
دریں اثنا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے میرے خلاف ہر حربہ استعمال کیا لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ برطانیہ میں میرے خلاف جو کیس دائر کیا گیا اس میں بریت کے بعد میری عزت میں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ شخص جھوٹا اور مکار ہے اور اب اس کے جھوٹ سامنے آ رہے ہیں۔ یہ محسن کش آدمی ہے اللہ کی پکڑ بھی ضرور ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ میں سکاٹش فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے ملاقات اچھی رہی ہے اور ہم جلد سرمایہ کاری کانفرنس بلائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں میرے خلاف بنایا گیا کیس جھوٹ پر مبنی تھا۔ نیوزی لینڈ سمیت دیگر ممالک میں میرے خلاف شواہد اکٹھے کرنے کی پوری کوشش کی گئی مگر کچھ نہ مل سکا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف برطانوی بادشاہ شاہ چارلس کی رسم تاج پوشی میں شرکت کے لیے لندن گئے تھے جہاں انہوں نے قائد ن لیگ نواز شریف سے بھی ملاقات کی ہے۔