پاکستانی عازمین حج کی رجسٹریشن کی آج آخری تاریخ

بدھ 9 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2026 کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ آج بروز بدھ ہے، جس کے بعد کوئی بھی شخص رجسٹریشن کے بغیر سرکاری یا نجی حج اسکیم میں شامل نہیں ہو سکے گا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ خواہشمند عازمین ملک بھر کے 15 منظور شدہ بینکوں کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، جب کہ آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی دستیاب ہے، جس کے ذریعے لوگ گھر بیٹھے خود کو رجسٹر کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:حج کے کامیاب انعقاد کا اعتراف، پاکستان حج مشن کو ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا

رجسٹریشن کے لیے کسی قسم کی فیس نہیں لی جا رہی، رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد عازمین سرکاری یا نجی حج اسکیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکیں گے۔

وزارت کے بیان کے مطابق حج 2026 کی لاگت، شرائط و ضوابط اور دیگر تفصیلات علیحدہ سے حج پالیسی کے تحت جاری کی جائیں گی۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ افراد بھی رجسٹریشن کے پابند ہیں جو گزشتہ سال نجی اسکیم کے تحت رہ گئے تھے، اس کے علاوہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستانی معاونین حج نے حرم شریف میں بھارتی عازمین کی کیسے مدد کی؟

یاد رہے کہ حج 2025 کے لیے پاکستان کو سعودی عرب سے 1,79,210 عازمین کا کوٹہ ملا تھا، جسے حکومت اور نجی حج آپریٹرز کے درمیان برابر تقسیم کیا گیا تھا۔

اگرچہ سرکاری اسکیم کا مکمل کوٹہ استعمال کیا گیا، تاہم نجی اسکیم میں بڑی تعداد میں کوٹہ استعمال نہیں ہو سکا کیونکہ بعض کمپنیوں نے ادائیگی اور رجسٹریشن کے عمل میں تاخیر کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp