لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر کی خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کی فہرست جاری کردی ہے، جس کے مطابق شہر کے 9 ٹاؤنز میں واقع 59 عمارتوں کو بوسیدہ اور ناقابلِ رہائش قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان 59 میں سے سب سے زیادہ 33 عمارتیں داتا گنج بخش ٹاؤن میں واقع ہیں، جن میں سے 26 عمارتیں نجی ملکیت میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں 5 ملکوں کی مشہور عمارتوں کے ڈیزائن والے گلوبل ویلیج میں کیا ہے؟
فہرست میں شامل عمارتوں میں 46 رہائشی جبکہ 12 کمرشل نوعیت کی ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 22 عمارتیں ایسی ہیں جن کی مرمت ممکن نہیں رہی۔
انتظامیہ کے مطابق ان میں سے 44 عمارتوں میں تاحال لوگ رہائش پذیر ہیں۔ خطرے کے پیشِ نظر متعلقہ عمارتوں کو خالی کرانے کے لیے دو نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشہ ہفتے کراچی کے علاقے لیاری میں واقع ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے کے باعث 27 افراد ہلاک ہوگئے تھے، اس جان لیوا حادثے کے بعد ملک کے تمام بڑے شہروں میں مخدوش اور خطرناک طبعی حالت میں استعمال کی جانے والی عمارتوں کے مکینوں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: لیاری میں 107 مخدوش عمارتیں، 22 انتہائی حساس قرار، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ
سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کے مطابق لیاری میں حالیہ 5 منزلہ عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کو اب شہر بھر میں موجود 51 انتہائی خستہ حال عمارتوں کا جائزہ لینے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
’یہی کمیٹی اب کراچی میں موجود 51 بوسیدہ عمارتوں کی حالت کا بھی جائزہ لے گی اور آئندہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔‘














