کپل شرما شو کی مقبولیت میں غیر معمولی کمی، وجہ کیا بن رہی ہے؟

بدھ 9 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہور کامیڈی پروگرام ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ کے تیسرے سیزن کو ناظرین کی جانب سے وہ پذیرائی نہیں مل رہی جو اس کے گزشتہ سیزنز کو حاصل تھی۔ نیٹ فلکس پر اس شو کے نئے سیزن کی اب تک 3 اقساط نشر ہوچکی، تاہم ویورشپ کے اعداد و شمار مسلسل کمی کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیزن 3 کے لیے کپل شرما کتنے کروڑ معاوضہ لے رہے ہیں؟

نئے سیزن کا آغاز سلمان خان کے ساتھ ہوا، جنہوں نے اپنی آنے والی فلم ‘سکندر’ کی پروموشن کی۔ اس کے بعد دوسرے اپیسوڈ میں فلم ‘میٹرو ان ڈینو’ کی کاسٹ شریک ہوئی، جبکہ تیسری قسط میں کرکٹرز گوتم گمبھیر، رشبھ پنت اور یوزویندر چہل نے شرکت کی۔ اگرچہ ہر قسط میں معروف شخصیات کو مدعو کیا گیا، مگر شو کی ریٹنگز توقعات سے کہیں کم رہیں۔

پہلے سیزن کے آغاز میں رنبیر کپور والے اپیسوڈ کو 2.4 ملین ویوز حاصل ہوئے تھے، جو کہ ایک بڑی کامیابی سمجھی گئی۔ دوسرے سیزن کی پہلی قسط جس میں عالیہ بھٹ شریک تھیں، کو 1.2 ملین ویوز ملے۔ تیسرے سیزن کے آغاز پر سلمان خان کے ساتھ شو کو 1.6 ملین ویوز اور 1.9 ملین گھنٹے دیکھے جانے کا وقت ملا، جو ابتدائی طور پر حوصلہ افزا تھا، مگر اس کے بعد شو کی مقبولیت میں مسلسل کمی آتی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کپل شرما کو قتل کی دھمکی: بھارتی پولیس نے پاکستان کا نام لے لیا

دوسرے ہفتے میں نیٹ فلکس کی رپورٹ کے مطابق شو کی مجموعی ویورشپ صرف 2 ملین رہی، جو کہ پہلے 2 اقساط کی کل تعداد تھی، جب کہ تیسرے ہفتے تک تینوں اقساط کو ملا کر محض 1.2 ملین ویوز حاصل ہوسکے۔ ان اعداد و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ ناظرین کی دلچسپی تیزی سے کم ہورہی ہے۔

یہ شو اگرچہ تاحال نیٹ فلکس کے ‘گلوبل ٹاپ 10 نان انگلش شوز’ کی فہرست میں شامل واحد بھارتی پروگرام ہے، تاہم موجودہ رفتار دیکھتے ہوئے یہ اعزاز برقرار رکھ پانا مشکل نظر آتا ہے۔ آنے والی قسط میں جایدیپ اہلٰوات، وجے ورما، پراتیک گاندھی اور جیتندر کمار کی شرکت متوقع ہے، جس سے شو کی مقبولیت میں دوبارہ اضافہ ہونے کی امید کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کپل شرما کے شو میں جانا سب سے بڑی غلطی تھی، کامیڈین نسیم وکی

شو کے فارمیٹ میں جدت نہ لانے، مزاح کے معیار میں کمی اور مہمانوں کے انتخاب پر تنقید جیسے عوامل کو ناظرین کی دلچسپی میں کمی کی ممکنہ وجوہات قرار دیا جارہا ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ کا مستقبل غیر یقینی نظر آتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp