ایران کا آئی اے ای اے سے تعاون دوہرے معیار کے خاتمے سے مشروط، صدر مسعود پزشکیان

جمعرات 10 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ تہران کا بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) سے تعاون اس ادارے کے دہرے معیار کے خاتمے سے مشروط ہے، ایران مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی، ایرانی صدر جنگ کے دوران کی تفصیلات سامنے لے آئے

صدر پزشکیان نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ ایران کا آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون ہمیشہ اصولوں پر مبنی رہا ہے، لیکن اس کا تسلسل اس بات پر منحصر ہے کہ ایران کے جوہری معاملے پر دوہرے معیار کا خاتمہ کیا جائے، دشمنانہ اقدامات کے اعادے پر ایران کا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔

دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی حالات، ایران پر 12 روزہ جارحیت اور ایران و یورپی یونین کے تعلقات کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران امن، خصوصاً نئی سیاسی صورتحال میں خطے کے استحکام اور عالمی سطح پر تعمیری مکالمے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر کی عوام سے صبر کی اپیل، جوہری ہتھیاروں کے حصول کی تردید

انہوں نے اسرائیل کے اقدامات کو مجرمانہ اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے بات چیت کا راستہ اپنایا مگر اسرائیل اور امریکا نے ایران کو نشانہ بنایا، جب ایران نے فیصلہ کن ردعمل دیا تو دشمنوں کو جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل امریکی حمایت کے بغیر ایسی جارحیت کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا۔

کوسٹا کی جانب سے آئی اے ای اے سے ایران کے تعاون کے خاتمے پر تشویش کے اظہار پر صدر پزشکیان نے ایران کی سفارتکاری، بین الاقوامی قانون کے احترام اور بات چیت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایران کی پارلیمنٹ کی حالیہ قانون سازی کو ایجنسی کے جانبدار اور غیر پیشہ ورانہ رویے کا ردعمل قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کی جانب سے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی سے تعاون معطل، ادارے کا اسٹاف ایران چھوڑ گیا

انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کی غیر جانبداری سے انحراف، ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں پر خاموشی اور عالمی قوانین سے لاپروائی نے اس ادارے کی ساکھ کو متاثر کیا، جس کے بعد ایران کو نئے اقدامات کی ضرورت محسوس ہوئی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کی رکنیت اسی وقت معنی رکھتی ہے جب وہ تمام فریقوں کو یکساں فوائد دیں، بصورت دیگر یہ رکنیت بے معنی ہوجاتی ہے۔

انہوں نے یورپی کونسل کے صدر کی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور یورپی یونین کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسرائیلی حملوں میں ایرانی شہریوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار

دوسری جانب، انتونیو کوسٹا نے بھی عالمی اداروں میں دوہرے معیار کی مخالفت سے اتفاق کیا اور ایرانی تہذیب، تاریخ اور ثقافت کے لیے یورپی یونین کے احترام کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایران کے ساتھ تعاون اور مکالمے کے لیے تیار ہے۔

یورپی رہنما نے حالیہ اسرائیلی حملوں میں ایرانی شہریوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار بھی کیا اور اسرائیل کے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے، امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کی مؤثر حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp