ایرانی صدر کی عوام سے صبر کی اپیل، جوہری ہتھیاروں کے حصول کی تردید

پیر 16 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عوام سے موجودہ بحران کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے واضح طور پر کہا ہے کہ جوہری ہتھیار کا حصول ایران کا مقصد نہیں ہے۔

ایک عوامی پیغام میں صدر مسعود پزیشکیان نے کہا کہ ہم اپنے عوام سے کہتے ہیں کہ وہ اس بحران کے دوران صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، ہم کسی پر تسلط قائم کرنا نہیں چاہتے اور نہ ہی ہم جارح قوم ہیں۔

ایرانی صدر نے اسرائیل پر مسلم ممالک کو منظم انداز میں نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک ایک کر کے مسلم ریاستوں پر حملہ کر رہا ہے، انہوں نے امریکا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملوں کی اجازت دے کر امریکا دھونس اور غنڈہ گردی پر اُتر آیا ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کا کہنا تھا کہ  دشمن ہمیں قتل و دہشت گردی کے ذریعے ختم نہیں کر سکتا، امریکا دھونس دھمکی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اسرائیل کو ہم پر حملے کی اجازت دے کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوہری توانائی سے فائدہ اٹھانا ہمارا حق ہے، اور کوئی بھی ہمیں یہ حق چھیننے کا اختیار نہیں رکھتا، لیکن ہم جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہے، یہ ایران کا ایک پختہ اور غیر متزلزل عقیدہ ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کے ان بیانات کو خاص طور پر ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی خدشات کے پس منظر میں خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp