امارات ایئرلائن اور دبئی ڈیوٹی فری میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے ادائیگی کب ممکن ہوگی؟

جمعرات 10 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امارات ایئرلائن اور دبئی ڈیوٹی فری اگلے سال سے کرپٹو کرنسی کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کریں گے، یہ اقدام عالمی ڈیجیٹل اثاثہ پلیٹ فارم کرپٹوڈاٹ کام کے ساتھ 2 اہم معاہدوں کے نتیجے میں ممکن ہوا ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر صدر، دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی، چیئرمین دبئی ایئرپورٹس، اور چیئرمین و چیف ایگزیکٹو امارات گروپ شیخ احمد بن سعید المکتوم نے اس ضمن میں معاہدوں کی تصاویر اور تفصیل شیئر کرتے ہوئے بتایا۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں امارات ایئرلائن کے نائب صدر عدنان کاظم اور کرپٹوڈاٹ کام کے متحدہ عرب امارات میں صدر محمد الحکیم موجود تھے۔

عدنان کاظم نے کہا کہ کرپٹوڈاٹ کام کے ساتھ شراکت داری ہمارے ڈیجیٹل ادائیگی نظام میں کرپٹو کو شامل کرنے کی عکاسی کرتی ہے، اور یہ ہمارے صارفین کی بدلتی ترجیحات کو مدنظر رکھنے کا ثبوت ہے، خاص طور پر نوجوان اور ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد کے لیے جو ڈیجیٹل کرنسیوں کو ترجیح دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی پائلٹ پروجیکٹ کا عنقریب آغاز، کرپٹو ریگولیشن منظور

’یہ قدم دبئی کی مالیاتی جدت میں رہنمائی کے وژن سے ہم آہنگ ہے اور صارفین کو زیادہ لچکدار اور جدید ادائیگی کے آپشنز فراہم کرے گا۔‘

اس معاہدے کے موقع پر کرپٹوڈاٹ کام کے صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر ایرک انزانی نے کہا کہ ہم امارات ایئرلائن کے ساتھ اس اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط مکمل کر کے بہت خوش ہیں، اس طرح کی شراکت داریاں ڈیجیٹل اثاثہ جات کی صنعت کو فروغ دینے میں مدد دیں گی اور صارفین کو جدید مالی حل فراہم کریں گی۔

امارات اور کرپٹوڈاٹ کام نہ صرف کرپٹو کی ادائیگیوں کو ضم کرنے پر کام کریں گے، بلکہ مشترکہ تشہیری مہمات کے ذریعے صارفین میں آگاہی پیدا کرنے اور اس نظام کو اپنانے کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔

مزید پڑھیں: بھارت کی کرپٹو پالیسی ناکام، بھارتی اخبار دی پرنٹ کا اعتراف

یہ شراکت اس وقت ہوئی ہے جب دبئی دنیا میں کرپٹو کرنسی کا مرکز بننے کی پوزیشن حاصل کر رہا ہے, گزشتہ 3 سالوں کے دوران، متحدہ عرب امارات نے کرپٹو کرنسیز کے لیے ایک مکمل ضابطہ جاتی نظام تیار کیا ہے جس نے دنیا بھر کی کمپنیوں کو یہاں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا ہے۔

آج دبئی میں کئی کمپنیاں، جیسے کہ رئیل اسٹیٹ اور ٹیلیکوم ادارے، کرپٹو کو بطور ادائیگی قبول کر رہی ہیں۔ اسی ماہ دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ نے بھی ڈاٹ کامکے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ ورچوئل رئیل اسٹیٹ کے لیے بلاک چین پر مبنی سرمایہ کاری کا ماحول قائم کیا جا سکے۔

2024 میں متحدہ عرب امارات میں کرپٹو انویسٹمنٹ کا حجم 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جو کہ خطے کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp