کوئٹہ میں آن لائن خریداری کا رجحان صرف کپڑوں، گروسری، گاڑیوں، خشک میوہ جات ور الیکٹرانک اشیا تک محدود نہیں رہا بلکہ اب پھلوں کا آن لائن کاروبار بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ شہری تازہ پھل گھر بیٹھے سوشل میڈیا پیجز اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے منگوانے لگے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگلی ڈرائی فروٹ جو صرف بلوچستان میں کھایا جاتا ہے
کوئٹہ کی بعض آن لائن فروٹ مارکیٹیں اور دکاندار اب شہر کے اندر ہی نہیں بلکہ بلوچستان کے دیگر اضلاع اور ملک کے بڑے شہروں کو بھی آرڈر پر پھل بھجوانے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ خاص طور پر کوئٹہ کی مشہور انگور، سیب اور انار کی مانگ کراچی، لاہور اور اسلام آباد تک پہنچ گئی ہے۔
آن لائن کاروبار کرنے والے دکانداروں اختر احمد خان نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وقت میں جدت کے ساتھ ساتھ کاروبار میں بھی جدت لانا ضروری ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک شہر کا فروٹ جب دوسرے شہر بھجوایا جاتا تھا تو اس سلسلے میں جتنے افراد درمیان میں بڑھتے جاتے تھے فروٹ کا دام بھی اتنا ہی بڑھ جاتا تھا لیکن آن لائن فروٹ بھجوانے سےاس کی قیمت بہت زیادہ نہیں بڑھتی۔
مزید پڑھیے: عام آدمی فروٹ منڈی سے معیاری اور سستی خریداری کیسے کرے؟
ان کا کہنا تھا کہ اگر پہلے پنجاب یا سندھ سیب بھجوانے سے فروٹ کی فی کلو قیمت 300 سے 350 روپے ہوجاتی تھی تو ب وہی فروٹ 200 سے 250 روپے میں بآسانی صارف تک پہنچ جاتا ہے۔
اختر احمد خان نے بتایا کہ اس سروس نے کسانوں، فروٹ وینڈرز اور صارفین سب کو فائدہ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خریداروں کو معیاری اور تازہ پھل گھر کی دہلیز پر مل جاتے ہیں جبکہ فروٹ فروش زیادہ وسیع مارکیٹ تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی ایمپریس مارکیٹ کے فٹ پاتھ پر ڈرائی فروٹ بیچنے والی ہندو خواتین
وی نیوز سے بات کرتے ہوئے آن لائن فروٹ خریدنے والے اسلام آباد کے رہائشی فیضان کشمیری کا کہنا ہے کہ آن لائن آرڈر کے ذریعے معیاری، پیک شدہ اور منتخب پھل مناسب داموں پر مل جاتے ہیں جبکہ روایتی بازار کی رش اور مشقت سے بھی بچت ہو جاتی ہے جو کوئٹہ یا بلوچستان کے پھل وفاقی دارالحکومت میں مہنگے ہیں انہیں کم قمیت پر کوئٹہ سے فیس بک یا واٹس ایپ گروپس کے ذریعے منگوا لیا جاتا ہے۔