پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 20 ملین یورو (تقریباً 62 کروڑ روپے) کا گرانٹ معاہدہ طے پایا ہے جس کا مقصد ملک میں کارپوریٹ گورننس کو بہتر بنانا اور کاروباری ماحول کو ترقی دینا ہے۔ معاہدے پر دستخط یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیوانکا اور اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کیے۔
یہ مالی معاونت یورپی یونین کے ‘ملٹی اینوئل انڈیکیٹو پروگرام 2021–2027’ کے تحت دی جا رہی ہے جو خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی، خواتین کی قیادت میں کام کرنے والے اداروں اور برآمدات پر مبنی صنعتوں کی ماحولیاتی بہتری کی جانب منتقلی کو فروغ دے گی۔
یہ بھی پڑھیے: تخفیف اسلحہ پر پاک یورپی یونین گول میز کانفرنس کا انعقاد
پروگرام میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے متعلق قانونی اصلاحات، سپلائی چین کی بہتری اور برآمدی مصنوعات میں تنوع کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ یہ شراکت یوروپین کی ‘گلوبل گیٹ وے’، جی ایس پی پلس اور ‘گرین ڈیل’ پالیسیوں کے تحت کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان میں روزگار، مستحکم منڈیوں اور پائیدار سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاونت حکومت کے ‘اُڑان پاکستان’ پروگرام کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے جو نجی شعبے کو بااختیار بنانے اور سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کے لیے اصلاحات پر زور دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسکلز ڈیولپمنٹ انیشیٹو: یورپی یونین نے یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی
یورپی سفیر ڈاکٹر رینا کیوانکا نے کہا کہ یہ گرانٹ ایک مضبوط اور مقابلہ جاتی پاکستانی معیشت کی تشکیل کے لیے یورپی یونین کے عزم کی عکاسی ہے۔ انہوں نے خواتین کی قیادت میں کاروبار اور عوامی و نجی شعبہ جاتی شراکت داریوں کو مستقبل کی پائیدار ترقی کے لیے اہم ستون قرار دیا۔