کینیڈا میں کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ، ذمہ داری کس نے قبول کی؟

جمعہ 11 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے حال ہی میں کینیڈا میں لانچ ہونے والے کیفے پر حملہ کیا گیا ہے۔ افتتاح کے چند روز بعد ہی اس کیفے پر کم از کم 9 گولیاں چلائی گئیں تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔

اس واقعے کی ایک غیر مصدقہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص کو کیفے پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی میں مقیم ’خالصتانی دہشت گرد‘ اور ببر خالصہ انٹرنیشنل ( بی کے آئی) کے کارندے ہرجیت سنگھ لڈّی نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیزن 3 کے لیے کپل شرما کتنے کروڑ معاوضہ لے رہے ہیں؟

ہرجیت سنگھ لڈّی نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کی وجہ کپل شرما کا کامیڈی شو ہے جس کی ایک قسط میں انہوں نے نہنگ سکھوں کا مذاق اڑایا تھا جس سے ان کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے تھے۔

سرے پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ بیان کے مطابق، جمعرات 10 جولائی کو رات 1:50 بجے پولیس کو 120 اسٹریٹ کے 8400 بلاک میں ایک کاروباری مقام پر فائرنگ کی اطلاع ملی۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ فائرنگ کاروبار پر کی گئی تھی، جس سے عمارت کو نقصان پہنچا، جبکہ اس وقت عملہ اندر موجود تھا۔ خوش قسمتی سے کسی کو کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: کپل شرما کو قتل کی دھمکی: بھارتی پولیس نے پاکستان کا نام لے لیا

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ وینکوور سن کے مطابق پولیس کے پاس ابھی تک مشتبہ شخص کی کوئی شناخت نہیں ہے اور فائرنگ کی وجہ بھی معلوم نہیں ہو سکی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp