ایک آزاد ٹیلیگرام چینل ’آسترا‘ کی رپورٹ کے مطابق روس کی ایلیٹ میرین یونٹ کے کمانڈر کرنل سرگئی الیئن یوکرینی میزائل حملے میں ہلاک ہو گئے۔ اسی حملے میں روسی بحریہ کے نائب سربراہ مائیکل گوڈکوف کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:یوکرین اسلحہ کی فراہمی بحال، ٹرمپ کا ہنگامی امدادی پیکج جاری
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق الیئن روس کے پیسیفک فلیٹ کی 155ویں گارڈز نیول انفنٹری بریگیڈ کے کمانڈر تھے اور یوکرین میں جاری فوجی کارروائی کے دوران مارے گئے۔
ان کی ہلاکت کی خبر روس کے علاقے چواشیا کے ارمارسکی ضلع کی انتظامیہ نے ایک پوسٹ کے ذریعے دی، جو بعد ازاں سوشل میڈیا سے حذف کر دی گئی۔

آسترا نے کرنل الیئن کی مبینہ آخری رسومات کے موقع پر لگائے گئے ایک بل بورڈ کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں ان کی تاریخ پیدائش 26 نومبر 1985 اور تاریخ وفات 2 جولائی 2025 درج ہے۔
یہ بھی پڑھیں:روس کا یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ، 728 ڈرون اور 13 میزائل فائر
اسی روز اطلاعات سامنے آئیں کہ 11 سینیئر روسی افسران، جن میں بحریہ کے نائب کمانڈر میجر جنرل گوڈکوف بھی شامل تھے، کرسک کے جنوب مغربی علاقے میں یوکرینی میزائل حملے میں مارے گئے۔
روسی وزارت دفاع نے صرف گوڈکوف کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے لیکن دیگر افسران کے حوالے سے خاموشی اختیار کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ کرنل الیئن نے مارچ میں صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے گوڈکوف کو ترقی دینے کے بعد 155ویں بریگیڈ کی کمان سنبھالی تھی۔
صدر پیوٹن نے اس بریگیڈ کی کارکردگی کو متعدد بار سراہا، اور دسمبر 2024 کی پریس کانفرنس میں خصوصی طور پر اگست میں کرسک پر یوکرینی حملے کو روکنے کا کریڈٹ اسی یونٹ کو دیا تھا۔













