غزہ میں اتوار کے روز اسرائیلی فضائی حملے میں پانی کی تقسیم کے مقام پر موجود 6 بچوں سمیت دس افراد جاں بحق ہو گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں 139 لاشیں غزہ کے مختلف اسپتالوں میں لائی گئیں جب کہ درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ تازہ فضائی حملہ پانی کی تقسیم کے ایک مصروف مقام پر ہوا جہاں لوگ پانی حاصل کر رہے تھے۔ جائے وقوعہ کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانی کی بالٹیوں اور کنستروں کے درمیان شدید زخمی بچے اور دیگر افراد تڑپ رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل صحافیوں کو غزہ تک رسائی دینے سے کیوں انکاری ہے؟ سینیئر اسرائیلی صحافی کا انکشاف
وسطی غزہ میں ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 12 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ حملہ ایک مصروف چوراہے پر کیا گیا جہاں بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔ شہدا میں معروف فلسطینی ڈاکٹر احمد قندیل بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ جنگ بندی کی کوششیں دوحہ میں جاری ہیں، لیکن فریقین ایک دوسرے پر مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگا رہے ہیں جب کہ زمینی صورتحال بدستور سنگین ہے۔
تازہ ترین حملوں کے بعد 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 58,026 ہو چکی ہے۔














