بھارتی شوہر بے وفا بیوی سے خرچہ لینے عدالت پہنچ گیا

منگل 15 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ان دنوں بھارتی ریاست اتر پردیش کی سب ڈویژنل مجسٹریٹ (SDM) جیوتی موریہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں، کیونکہ ان کے شوہر آلوک موریہ نے اب الہ آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے کہ وہ انہیں جیوتی موریہ سے خرچہ دلائے۔ یہ معاملہ پہلے بھی ملک بھر میں سوشل میڈیا پر ’جیوتی موریہ بے وفا ہے‘ جیسے ٹرینڈز کی وجہ سے خاصا مشہور ہو چکا ہے۔

کون ہیں جیوتی موریہ؟

جیوتی موریہ، جو اس وقت بریلی میں SDM کے طور پر تعینات ہیں، نے 2015 میں اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (PCS) کا امتحان 16ویں رینک کے ساتھ پاس کیا۔ ان کے شوہر آلوک، جو پرتاپ گڑھ کے پنچایتی راج محکمہ میں صفائی ملازم کے طور پر کام کرتے ہیں، نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اپنی بیوی کی تعلیم میں مالی اور اخلاقی مدد کی، مگر افسر بننے کے بعد جیوتی نے انہیں چھوڑ دیا۔

آلوک موریہ کے الزامات

آلوک نے الزام لگایا ہے کہ جیوتی کا تعلق ہوم گارڈ کمانڈنٹ منیش دوبے سے ہے اور انہوں نے دونوں کو ایک ہوٹل سے باہر آتے ہوئے بھی دیکھا تھا۔ آلوک نے مزید دعویٰ کیا کہ جیوتی اور منیش نے ان کے قتل کی سازش بھی کی اور اس حوالے سے ان کے پاس واٹس ایپ چیٹس کے ثبوت بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے انسٹاگرام پر بلاک کیوں کیا، خاتون نے شوہر کے خلاف شکایت درج کرا دی

انہوں نے ایک ڈائری بھی جمع کرائی ہے جس میں مبینہ طور پر رشوت کی لین دین کی تفصیلات درج ہیں۔ ایک شکایت پریاگ راج کے دھومنگنج تھانے میں ان کی جان کو خطرہ ہونے کے حوالے سے بھی درج کرائی گئی ہے۔

جیوتی موریہ کا مؤقف

جیوتی نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آلوک نے شادی سے قبل اپنی ملازمت کے بارے میں جھوٹ بولا تھا اور خود کو گرام پنچایت افسر ظاہر کیا تھا، حالانکہ وہ صفائی ملازم تھے۔ ان کے والد نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے آلوک کے خاندان کو ’بددیانت‘ قرار دیا۔

جیوتی کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ چیٹس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر اور ایڈٹ کرکے وائرل کیا گیا ہے، اور انہوں نے آئی ٹی ایکٹ کے تحت اپنے شوہر کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔

آن لائن ٹرولنگ اور بدنامی

سوشل میڈیا پر جیوتی موریہ کے خلاف شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں ’بے وفا ایس ڈی ایم‘ جیسے القابات ٹرینڈ کرنے لگے۔ یہاں تک کہ ایک بھوجپوری گانا بھی ریلیز ہوا جس میں جیوتی کو نشانہ بنایا گیا۔ جیوتی نے اس صورتحال کو ’بدقسمتی‘ قرار دیا اور کہا کہ صرف ایک پہلو عوام کے سامنے لایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے اپنے پیاروں کا بدلہ لینے کے لیے خاتون نے 40 گینگسٹرز کیسے قتل کیے؟

جوابی الزامات اور قانونی چارہ جوئی

جیوتی موریہ نے مئی 2023 میں اپنے شوہر آلوک اور ان کے اہل خانہ کے خلاف جہیز کے مطالبے اور ذہنی اذیت کے تحت بھی مقدمہ درج کرایا تھا۔

 شوہر کی طرف سے خرچہ کی درخواست

آلوک موریہ نے پہلے اعظم گڑھ کی فیملی کورٹ میں صحت کے مسائل اور مالی تنگی کا حوالہ دے کر عبوری خرچے کی درخواست دی تھی، مگر وہ جنوری 2024 میں مسترد کر دی گئی۔ اب انہوں نے الہ آباد ہائیکورٹ میں اپیل کی ہے، جس پر عدالت نے جیوتی موریہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ معاملے کی اگلی سماعت 8 اگست 2025 کو مقرر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp