پاکستان کی بڑی سفارتی و فضائی کامیابی، برطانیہ نے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا

بدھ 16 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کو بالآخر برطانیہ کی ’ایئر سیفٹی لسٹ‘ سے نکال دیا گیا، جس کے بعد پاکستانی ایئر لائنز کو برطانیہ میں پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی نے پاکستانی فضائی تحفظ میں نمایاں بہتری کو تسلیم کرتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے پروازوں کی پیرس روانگی کے موقع پر جاری متنازع اشتہار، ادارے نے معذرت کرلی

اس فیصلے کا مطلب ہے کہ اب پاکستان کی تمام ایئر لائنز برطانیہ میں پروازوں کی اجازت کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔ ہر ایئر لائن کو برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے انفرادی طور پر پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں برطانیہ اور پاکستان کے ہوا بازی ماہرین کی مشترکہ کاوشوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے بین الاقوامی حفاظتی معیار پر پورا اترنے کے لیے کام کیا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جب تمام انتظامات مکمل ہو جائیں گے تو میں خود بھی پاکستانی ایئرلائن کے ذریعے سفر کرنے کی منتظر ہوں‘۔

برطانوی حکام کے مطابق پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ ایک خودمختار اور تکنیکی بنیادوں پر مبنی جائزہ کے بعد کیا گیا ہے، جس میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ کئی سالوں پر محیط قریبی تعاون شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں:یورپ کے لیے پروازیں بحال ہونے کے بعد پی آئی اے کی پہلی پرواز پیرس پہنچ گئی

یاد رہے کہ برطانیہ نے 2021 میں پاکستان کو فہرست میں شامل کیا تھا، مگر اب تمام درکار حفاظتی اصلاحات اور بہتریوں کے بعد پاکستان کو اس فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

اس فیصلے سے نہ صرف پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی روابط بحال ہونے کی راہیں کھل گئی ہیں بلکہ 16 لاکھ سے زائد برطانوی پاکستانیوں اور دونوں ممالک کے درمیان 4.7 ارب پاؤنڈ پر مشتمل تجارتی تعلقات کو بھی نئی تقویت ملے گی۔

یہ پیشرفت دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں، کاروباری مواقع اور ثقافتی تبادلے کے فروغ کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp