بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پربھنی میں ایک افسوسناک واقعے میں ایک 19 سالہ لڑکی نے سفر کے دوران بس میں بچے کو جنم دیا، لیکن پیدائش کے فوراً بعد مبینہ شوہر کے ساتھ مل کر نومولود کو بس کی کھڑکی سے نیچے پھینک دیا، جس کے نتیجے میں بچے کی موت واقع ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسپتال پہنچنے کے باوجود بچے کی بس میں پیدائش، اصل معاملہ کیا رہا؟
پولیس کے مطابق واقعہ منگل کی صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے پٹھری-سیلو روڈ پر پیش آیا، پولیس حکام نے بتایا کہ متاثرہ خاتون رتیکا دھیرے، سانت پریاگ ٹریولز کی سلیپر کوچ بس میں پنے سے پربھنی جا رہی تھی، اس کے ساتھ ایک شخص الطاف شیخ بھی تھا، جو خود کو اس کا شوہر ظاہر کر رہا تھا۔
A 19-year-old woman gave birth on a moving private travel bus en route from Pune to Parbhani, Maharashtra.
Shortly after, she and a man claiming to be her husband allegedly threw the newborn out of the window.
The incident occurred around 6:30 am on Tuesday, and the baby was… pic.twitter.com/tGzOp9STm3
— Mid Day (@mid_day) July 16, 2025
دورانِ سفر خاتون کو زچگی کا درد شروع ہوا اور اس نے بس میں ہی ایک بچے کو جنم دیا۔ تاہم، جوڑے نے نومولود کو کپڑے میں لپیٹ کر کھڑکی سے باہر پھینک دیا۔
بس ڈرائیور نے کھڑکی سے کچھ پھینکے جانے پر جب دریافت کیا تو الطاف شیخ نے بتایا کہ اس کی بیوی کو طبیعت خراب ہونے پر قے آئی تھی، دوسری جانب سڑک پر موجود ایک ہوشیار شہری نے جب دیکھا کہ بس سے کپڑے میں لپٹا کچھ پھینکا گیا ہے تو اس نے فوراً مشتبہ چیز کا جائزہ لیا، نومولود بچے کی موجودگی پر شہری نے فوری طور پر 112 ہیلپ لائن پر اطلاع دی۔
مزید پڑھیں:کراچی: ٹینکر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، حاملہ خاتون شوہر سمیت جاں بحق، پیدا ہونے والا نومولود بھی چل بسا
گشت پر موجود مقامی پولیس نے اطلاع ملنے پر بس کو روکا اور ابتدائی تفتیش کے بعد خاتون اور اس کے ساتھی کو حراست میں لے لیا، دوران تفتیش جوڑے نے اعتراف کیا کہ وہ نومولود کو پرورش کے قابل نہیں تھے، اس لیے اسے پھینک دیا، جس کے باعث اس کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس کے مطابق رتیکا اور الطاف کا تعلق پربھنی سے ہے اور وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پونے میں مقیم تھے، دونوں نے خود کو میاں بیوی ظاہر کیا، تاہم ان کے پاس کوئی قانونی دستاویز موجود نہیں تھی، پولیس نے خاتون کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ جوڑے کے خلاف بھارتی فوجداری قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔