’عمران خان اور غلام سرور نے پی آئی اے کو قبرستان بنایا‘ وزیر دفاع خواجہ آصف کا ممکنہ حکومتی کارروائی کا عندیہ

بدھ 16 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی ایئرلائن پی آئی اے  کو برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنے کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کی سابق حکومت پر کھل کر تنقید کی اور ساتھ ہی ممکنہ حکومتی کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کو برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنے کا عمل ایک تاریخی سنگ میل ہے، جو وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت میں عبور کیا گیا۔ انہوں نے اسے قومی وقار کی بحالی قرار دیا جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کی سابق حکومت پر شدید تنقید کی، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے اپنے ہی ادارے پر بے بنیاد الزامات لگائے، جس کے باعث بین الاقوامی اداروں کو پی آئی اے پر پابندیاں عائد کرنے کا موقع ملا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بڑی سفارتی و فضائی کامیابی، برطانیہ نے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت اب قومی ایئرلائن کو ہونے والے نقصان پر کارروائی کرے گی، ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا کہ کیسے قومی ایئرلائن نے اتنا نقصان برداشت کیا، کروڑوں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا قومی ایئرلائن پر انحصار تھا اور انہوں نے خمیازہ بھگتا۔

خواجہ آصف نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور غلام سرور خان کو قومی ایئرلائن کو قبرستان بنانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ایئرلائن متروک ایئرلائن ہوگئی تھی، کئی طیارے گراونڈ ہوئے، انہوں نے کہا کہ قومی ائیر لائن پر پابندی کیوں لگی اس کا تعین کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

’حکومت طے کرے گی کہ ادارہ جاتی کارروائی کیسے کی جائے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ اجتماعی ہوگا جو کابینہ کرے گی۔‘

مزید پڑھیں:پی آئی اے کو پر لگ گے ، 5 سال بعد پاکستانی طیارے ایک بار پھر برطانوی فضاؤں میں

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس اقدام کی ذمہ داری صرف غلام سرور پر ہی نہیں بلکہ عمران خان پر بھی عائد ہوتی ہے۔ ’غلام سرور نے دعوت دی کہ پاکستان کی ایئر لائن پر پابندی عائد کردی جائے اورآج تک اس بیان کی کوئی وضاحت نہیں دی گئی، اس بیان سے اربوں روپے کا مالی نقصان ہوا، مگر سب سے بڑا نقصان قومی وقار کا تھا، جو بری طرح مجروح ہوا۔‘

خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف حکومت کی 3 سالہ مسلسل محنت رنگ لے آئی اور اب پی آئی اے ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے، برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنا ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کبھی پاکستان کی پہچان تھی اورآج ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم فخر کے ساتھ فضاؤں میں بلند ہو رہا ہے، اب اگلے مرحلے میں قومی ایئرلائن کی نجکاری کی جائے گی تاکہ ادارہ مکمل طور پرجدید اور خودمختار بن سکے۔

مزید پڑھیں:یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہونے پر جاری متنازع اشتہار کی تحقیقات کا حکم

’اگلا مرحلہ پی آئی اے کی نجکاری کا ہے، ہم تمام اصلاحات مکمل کرنے کے بعد پی آئی اے کو پرائیویٹائز کریں گے تاکہ اس کی قیمت بڑھے اور نیا سرمایہ کار تیار حالت میں ادارہ حاصل کرے۔‘

وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر اس معاملے کی نگرانی کی اور ہر سطح پر رپورٹس لیتے رہے، اب پی آئی اے کو نئے طیارے، نئے روٹس اور بہتر انتظام دیا جائے گا تاکہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن آسانی سے آ سکیں اور وقت و پیسے کی بچت ہو۔

وفاقی وزیر دفاع نے بتایا کہ جب اوورسیز پاکستانی انتقال کر جاتے تھے، تو پی آئی اے ان کی میتیں مفت پاکستان منتقل کرتی تھی، مگر پابندی کے بعد انہیں ہزاروں ڈالر خرچ کرنا پڑے۔ ’یہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک صدمہ تھا، یہاں تک کہ بعض نے برطانیہ میں ہی قبرستانوں میں جگہ حاصل کر لی۔‘

مزید پڑھیں: 3 سیمنٹ ساز ادارے بھی پی آئی اے کی خریداری کی دوڑ میں شامل

خواجہ آصف نے بتایا کہ اب یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو رہا ہے، ہم اب آپریٹنگ لائسنس حاصل کریں گے، اور ان کے علم کے مطابق ایئر بلیو کو بھی برطانیہ میں آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کو یورپی یونین کا اعتماد حاصل ہے، جس پر انہوں نے سی اے اے اور وفاقی وزیر سعد رفیق کو خراج تحسین پیش کیا۔

وفاقی وزیر دفاع نے بتایا کہ جب اوورسیز پاکستانی انتقال کر جاتے تھے، تو پی آئی اے ان کی میتیں مفت پاکستان منتقل کرتی تھی، مگر پابندی کے بعد انہیں ہزاروں ڈالر خرچ کرنا پڑے۔ ’یہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک صدمہ تھا، یہاں تک کہ بعض نے برطانیہ میں ہی قبرستانوں میں جگہ حاصل کر لی۔‘

خواجہ آصف نے بتایا کہ اب یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو رہا ہے، ہم اب آپریٹنگ لائسنس حاصل کریں گے، اور ان کے علم کے مطابق ایئر بلیو کو بھی برطانیہ میں آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اب یورپی یونین کا اعتماد حاصل ہے، جس پر انہوں نے سی اے اے اور وفاقی وزیر سعد رفیق کو خراج تحسین پیش کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp