برطانوی فضائی حدود میں پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد قومی ایئرلائن پی آئی اے نے ایک اہم اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پروازوں سے برطانیہ کے فضائی آپریشن کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی بڑی سفارتی و فضائی کامیابی، برطانیہ نے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا
پی آئی اے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ہفتہ وار 3 پروازیں چلائی جائیں گی۔ اس سلسلے میں پروازوں کا شیڈول فائل کیا جا رہا ہے اور منظوری ملتے ہی فلائٹس کا آغاز کر دیا جائے گا۔
پی آئی اے نے برطانیہ کی جانب سے پابندی کے خاتمے کو اپنی فضائی حفاظت کے معیارات پر پورا اترنے کی سند قرار دیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کی جانب سے بین الاقوامی ہوابازی کے سخت حفاظتی تقاضوں پر پورا اترنے کی بنیاد پر ممکن ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی بحالی قومی وقار کی بحالی ہے، آج کا دن تاریخ میں یادگار ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
پی آئی اے نے اس کامیابی پر وزیراعظم، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزارت دفاع، برطانوی ہائی کمشنر جین میروٹ، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے، جن کی ذاتی کاوشوں سے یہ سنگ میل عبور ہوا۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ وہ کم سے کم وقت میں برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن کی مکمل بحالی کے لیے پُرعزم ہے۔