باقاعدہ اعلان کا وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں صرف جنگل کا قانون ہے، عمران خان

پیر 8 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ان سے چند سوالات پوچھے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کیا لکھا کہ ’میں شہباز شریف سے ایک ایسے شخص کے طور چند سوالات پوچھنے کی ہمت کرسکتا ہوں، جس شخص پر گزشتہ چند مہینوں میں 2قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں۔‘

عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے سوال کیا ہے کہ ’کیا مجھے بحیثیت شہری ان لوگوں کو نامزد کرنے کا حق ہے جنہیں میں سمجھتا ہوں کہ مجھ پر قاتلانہ حملوں کے ذمہ دار ہیں؟ مجھے میرے قانونی اور آئینی حق سے کیوں محروم کیا گیا؟‘

چیئرمین تحریک انصاف پوچھتے ہیں کہ ’کیا شہباز شریف کی ٹویٹ کا مطلب یہ ہے کہ افسران قانون سے بالاتر ہیں یا وہ جرم نہیں کر سکتے؟ ایف آئی آر درج کرنے کے لیے اگر ہم الزام لگاتے ہیں کہ ان میں سے کسی نے جرم کیا ہے تو ادارے کو کیسے بدنام کیا جا رہا ہے؟ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران وزیر آباد جے آئی ٹی کو سبوتاژ کرنے والا کون اتنا طاقتور تھا؟‘

انہوں نے لکھا کہ ’میری پیشی سے پہلے شام کو  اسلام آباد کی انتظامیہ نے جوڈیشل کمپلیکس پر قبضہ کیوں کیا؟ آئی ایس آئی کے اہلکار سی ٹی ڈی اور وکلا کے بھیس میں کیوں تھے؟ مقصد کیا تھا اور آئی ایس آئی کا کمپلیکس میں کیا کام تھا؟‘

عمران خان نے کہا کہ ’جب شہباز شریف سچائی سے ان سوالوں کا جواب دے سکتا ہے تو سبھی اس کی طرف اشارہ کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایک طاقتور آدمی اور اس کے ساتھی سب قانون سے بالاتر ہیں۔ پھر اب وقت آگیا ہے کہ ہم باقاعدہ  اعلان کریں کہ پاکستان میں صرف جنگل کا قانون ہے یعنی جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے۔‘

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ عمران خان اپنے معمولی سیاسی فائدے کی خاطر پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کے افسران کو بدنام کر رہے ہیں جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دھمکیاں دینے کا عمل انتہائی قابل مذمت ہے۔

یہ بھی پڑھیںhttp://عمران خان پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کے افسران کو بدنام کرنے سے باز رہیں: شہباز شریف

اس کے علاوہ سابق صدر مملکت آصف زرداری نے بھی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان اداروں کو بدنام کرنے کی ہر حد کو عبور کرچکا ہے جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp