پاکستان کی وزارت خارجہ نے برطانیہ کی جانب سے ایئر سیفٹی کی فہرست سے پاکستان کا نام نکالے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے بعد پانچ سالہ تعطل کے بعد برطانیہ کے لیے کمرشل پروازوں کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی بڑی سفارتی و فضائی کامیابی، برطانیہ نے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تاریخی فیصلہ گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان کی مسلسل سفارتی اور تکنیکی کاوشوں کا اعتراف ہے۔ ہم نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ اعلیٰ ترین فضائی حفاظتی معیارات پر عمل درآمد کے لیے اپنی پختہ عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پابندی کا خاتمہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفری روابط کی بحالی کا ایک اہم سنگ میل ہے، جو برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے سہولت فراہم کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا۔
یہ بھی بڑھیں:پاکستان کا ایئر سیفٹی لسٹ سے اخراج بین الاقوامی برادری کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی
برطانیہ میں 17 لاکھ سے زائد برطانوی پاکستانیوں پر مشتمل ایک بڑی ڈاسپورا کمیونٹی کے پیش نظر براہِ راست پروازوں کی بحالی سے خاندانوں، کاروبار، سیاحت اور تجارت کے لیے نمایاں فوائد حاصل ہوں گے۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کا شکریہ ادا کرتا ہے کہ اس نے پاکستان کے فضائی تحفظ کے عزم کو سراہا اور پورے جانچ کے عمل میں تعمیری تعاون فراہم کیا۔