وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے، ڈیمز سے سپلائی نظام کی بہتری، اور پانی کے موجودہ ذخائر کو آلودگی سے بچانے کیلئے ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔ ٹاسک فورس کی سربراہی وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی کریں گے، جبکہ اس میں سی ڈی اے، واپڈا، اریگیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سمیت دیگر متعلقہ ادارے شامل ہوں گے۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ راول، تربیلا اور خانپور ڈیمز سے اسلام آباد کے لیے منظور شدہ پانی کو گھروں تک پہنچانے کے لیے مربوط واٹر سپلائی نظام قائم کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پانی کی فراہمی کے لیے متعدد نئے ڈیمز اور ان سے منسلک نظاموں پر کام جاری ہے۔
مزید پڑھیں: ملک کے بیشر علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا، راولپنڈی میں ایمرجنسی نافذ
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کو زیرِ زمین ذخائر میں شامل کرنے کیلئے سی ڈی اے جامع منصوبہ پیش کرے، جبکہ غیر قانونی اور کچی آبادیوں سے نکلنے والے سیوریج کو روکنے کیلئے واٹر ٹریٹمنٹ کا مؤثر نظام فوری قائم کیا جائے۔
اجلاس میں اسلام آباد واٹر بورڈ کے قیام پر بھی مشاورت ہوئی، جسے جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ یہ بورڈ صاف پانی کے ذخائر کے انتظام، فراہمی اور تقسیم کے تمام امور کی نگرانی کرے گا۔
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔














