ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے پروجیکٹ پر دستخط، اسحاق ڈار کی قوم کو مبارکباد

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کو ملانے والے سہ ملکی نائب آباد-خرلاچی ریلوے کوریڈور کی مشترکہ فیزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر کابل میں دستخط ہوگئے ہیں۔

نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے تینوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کو ریلوے لنک کے لیے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہونے پر مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیے: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی کابل میں افغان اور ازبک وزرائے خارجہ سے ملاقات
اسحاق ڈارنے ازبکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا بھی معاہدے پر دستخط کے لیے تعاون اور عزم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کے معاہدے پر دستخط پی ڈی ایم ایم حکومت کی قیادت اور عزم کا نتیجہ ہیں جب وزیرِ خزانہ کی حیثیت سے مجھے اس منصوبے کی قیادت کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے تحت بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ ہم نے مل کر اس تبدیلی لانے والے منصوبے کی بنیاد رکھی۔

اس سے قبل نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے افغان اور ازبک ہم منصب سے ملاقات کی۔

افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات میں تینوں فریقین نے تعاون بڑھانے اور تجارت، رسائی اور سیکیورٹی میں تعاون کی توسیع پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیے: اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، سی پیک و علاقائی تعاون پر گفتگو

وزرائے خارجہ نے خطے میں موجود معاشی مواقعوں سے فائدہ اٹھانے اور علاقائی رابطوں کو ممکن بنانے کے منصوبوں پر کام کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار افغان وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

اس ریلوے منصوبے کا مقصد ازبکستان کو افغانستان کے ذریعے پاکستان سے ریلوے کے ذریعے جوڑنا ہے، جس سے وسطی ایشیائی ممالک کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی حاصل ہو گی۔ یہ منصوبہ علاقائی تجارت، ٹرانزٹ، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں مددگار ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp