ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں اسرائیلی فوجی گرفتار، فرد جرم عائد

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی پولیس نے مبینہ طور ایرانی ایجنٹوں کے ساتھ رابطے اور معلومات کی فراہمی کے الزام میں اپنے ایک فوجی کو گرفتار کرکے فرد جرم عائد کردیا ہے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ فوجی نے ایرانی ایجنٹس سے جان بوجھ کر رابطہ رکھا اور ان کے لیے سرگرمیاں انجام دیں جن میں اسرائیل میں میزائل حملوں اور ان کے اثرات کی ویڈیوز اور تصاویر فراہم کرنا شامل ہے۔

یہ گرفتاری اسرائیلی حکومت کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی ایک نئی مہم کے بعد سامنے آئی ہے جس میں شہریوں کو ایران کے لیے جاسوسی سے خبردار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 100 سے زائد ایرانی عہدیداروں سے تعلق کا الزام، کیا فرانسیسی صحافی کیتھرین شکدم جاسوس تھی؟

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایران کی جانب سے جاسوس بھرتی کرنے کی 25 سے زائد کوششیں بے نقاب کی گئی ہیں، جن میں 35 سے زیادہ افراد پر سنگین سیکیورٹی الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

اسرائیل کے قومی عوامی سفارتی ڈائریکٹوریٹ اور ملکی خفیہ ادارے شین بیت کی جانب سے جاری مہم میں کہا گیا کہ یہ مہم قومی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے خاص طور پر ایران کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد جب ایران کی جانب سے اسرائیل میں کارروائیوں اور بھرتی کی کوششوں میں اضافہ متوقع ہے۔

مہم کے ایک ویڈیو اشتہار میں کہا گیا ہے کہ صرف 5 ہزار شیکل کے لیے کیا آپ اپنی زندگی یا خاندان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں؟

اسرائیلی سیکیورٹی اداروں کے مطابق غزہ جنگ کے بعد ایران سے منسلک جاسوسی کی سازشوں سے متعلق گرفتاریوں میں 400 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp