سعودی ولی عہد کا شام میں کشیدگی پر قابو پانے کے اقدامات کا خیرمقدم

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو شام کے صدر احمد الشرع نے جمعرات کے روز ٹیلیفون کیا جس کے دوران شام میں حالیہ کشیدگی پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: عرب اور علاقائی ممالک کا شام کے امن واستحکام کی حمایت پر اتفاق

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد نے صدر الشرع کی جانب سے واقعات کو قابو میں لانے کے لیے کیے گئے انتظامات اور اقدامات کا خیرمقدم کیا اور شام میں سیکیورٹی اور استحکام کے حصول کے لیے حکومت شام کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر الشرع کی ان کوششوں کو سراہا جن کا مقصد شام کو درست راستے پر گامزن رکھنا ہے تاکہ ملک کی خودمختاری، وحدت اور قومی یکجہتی برقرار رہے اور شامی عوام کے تمام طبقات میں ہم آہنگی اور اتحاد فروغ پائے۔

انہوں نے شام میں کسی بھی قسم کی فتنہ انگیزی کو روکنے کی اہمیت پر زور دیا جو ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہو۔

مزید پڑھیے: اسرائیل کی خطے میں عدم استحکام کی سازشیں ناکام، شامی صدر کا مؤقف

سعودی ولی عہد نے شام کی حکومت کی جانب سے ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے جاری اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ شام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کو حکومتِ شام کا ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے ایک بار پھر سعودی عرب کے اس مؤقف کو دہرایا کہ اسرائیل کی جانب سے شام کی سرزمین پر حملے اور اس کے داخلی معاملات میں مداخلت کی مذمت کی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل اور شام کے درمیان کشیدگی ایک ’غلط فہمی‘ کا نتیجہ قرار، امریکا کی کشیدگی ختم کرنے کی اپیل

صدر احمد الشرع نے سعودی عرب کے مثبت اور حمایت پر مبنی مؤقف کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ولی عہد کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp