نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ مملکت احمد علی السیغ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی افغانستان کے وزیر داخلہ سے ملاقات، سیکیورٹی اور علاقائی تعاون پر گفتگو
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات کو مزید وسعت دینے، اور تجارت و سرمایہ کاری سمیت دیگر معاشی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برادر ملک یو اے ای کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو نئی جہت دینے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان مستقبل میں اعلیٰ سطحی روابط جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ باہمی تعاون کے تمام پہلوؤں کو عملی شکل دی جا سکے۔