لاہور چڑیا گھر انتظامیہ نے ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کردی

جمعہ 18 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور چڑیا گھر انتظامیہ نے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف تفریحی سہولیات پر ٹکٹوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ریپٹائلز ہاؤس، فش ایکویریم، ہولو ورس، ورچوئل ریئلٹی اور مکسڈ ریئلٹی جیسی اہم تفریحی سرگرمیوں کے ٹکٹوں میں 50 فیصد تک رعایت دی جارہی ہے، تاہم داخلی ٹکٹ اور پارکنگ فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کا 3ڈی چڑیا گھر

نئی قیمتوں کے تحت ریپٹائلز ہاؤس اور فش ایکویریم کے ٹکٹ اب 200 روپے کے بجائے 100 روپے میں دستیاب ہوں گے، جبکہ ہولو ورس کا ٹکٹ 300 روپے سے کم ہو کر 150 روپے، ورچوئل ریئلٹی کا ٹکٹ 200 سے کم کرکے 100 روپے اور مکسڈ ریئلٹی کا ٹکٹ 100 سے کم کرکے 50 روپے کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ہولو ورس، ورچوئل ریئلٹی اور مکسڈ ریئلٹی کے سیکشن اس وقت صفائی اور دیکھ بھال کے باعث عارضی طور پر بند ہیں تاہم جلد ہی دوبارہ عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ کیپٹیو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور چڑیا گھر بھی نیلام کردیا گیا؟

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوام کے لیے چڑیا گھر کی تفریحی سہولیات کو مزید قابلِ رسائی بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان چڑیا گھر کا رُخ کریں۔

واضح رہے کہ چڑیا گھر کی سابقہ نجی آپریٹنگ کمپنی نے گزشتہ روز معاہدے سے دستبرداری اختیار کرلی تھی جس کے بعد ٹکٹنگ اور دیگر انتظامی امور کی مکمل ذمہ داری چڑیا گھر انتظامیہ نے خود سنبھال لی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp