شاہ رخ خان ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی، ریلیز تاخیر کا شکار؟

ہفتہ 19 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نئی ایکشن تھرلر فلم “کنگ” کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے، جس کے بعد فلم کی پروڈکشن روک دی گئی ہے اور اداکار کو ایک ماہ کے مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 59 سالہ خان ممبئی کے گولڈن ٹوبیکو اسٹوڈیو میں ایک شدید ایکشن سین کی عکس بندی کر رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ اگرچہ چوٹ کی نوعیت سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئی، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پٹھوں میں کھنچاؤ (muscular strain) ہے اور سنگین نوعیت کی نہیں۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ کی بیٹی سہانا خان کے پاس ذاتی دولت کتنی ہے؟

شاہ رخ خان فوری طبی امداد کے لیے اپنی ٹیم کے ہمراہ امریکا روانہ ہو گئے ہیں۔ قریبی ذرائع کے مطابق، “یہ کوئی سنگین چوٹ نہیں، بلکہ پٹھے کی پرانی تکلیف کا اعادہ ہے، تاہم ڈاکٹرز نے ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا ہے۔”

فلم کی شوٹنگ جولائی اور اگست میں جاری رہنا تھی، مگر اب اگلا شیڈول ستمبر یا اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ممبئی کے فلم سٹی، گولڈن ٹوبیکو اسٹوڈیو اور یش راج فلمز (YRF) میں ہونے والی شوٹنگز کی بکنگز بھی تاحکم ثانی مؤخر کر دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: دانش نواز کی شاہ رخ خان کے ساتھ سیلفی، صارفین کے دلچسپ تبصرے

فلم “کنگ” کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں، جنہوں نے اس سے قبل “پٹھان” جیسی سپرہٹ فلم دی تھی۔ کاسٹ میں سہانا خان، ابھیشیک بچن، دیپیکا پڈوکون، جاوید احلولوات، انیل کپور، ارشد وارثی اور ابھی ورما شامل ہیں۔ فلم میں شاہ رخ ایک انتقامی مشن پر نکلنے والے قاتل کے کردار میں نظر آئیں گے، جس کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان کا کردار بھی خاص اہمیت کا حامل ہوگا۔

ابتدائی طور پر فلم کی ہدایتکاری کے لیے سوجوئے گھوش کا انتخاب ہوا تھا، لیکن بعد میں انہیں بدل کر سدھارتھ آنند کو لایا گیا، جس سے پروڈکشن میں کئی تبدیلیاں آئیں۔

مزید پڑھیں : شاہ رخ خان بیٹی سہانا خان کے ہمراہ کس فلم میں، کب اسکرین پر آ رہے ہیں؟

فلم کے یورپ اور بھارت کے مختلف مقامات پر عکس بند کیے جانے کی توقع ہے۔ اگرچہ چوٹ کے باعث تاخیر ہوئی ہے، تاہم قریبی ذرائع پرامید ہیں کہ شاہ رخ خان مکمل صحتیابی کے بعد پوری توانائی کے ساتھ دوبارہ شوٹنگ شروع کریں گے۔

سہانا خان، جو شاہ رخ خان اور گوری خان کی بیٹی ہیں، فلم “کنگ” میں پہلی بار اپنے والد کے ساتھ اسکرین شیئر کر رہی ہیں۔ نیویارک یونیورسٹی کے ٹیش اسکول آف آرٹس سے اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 2023 میں زویا اختر کی فلم “دی آرچیز” سے ڈیبیو کیا، جس کے بعد اب “کنگ” میں ان کا کردار نہ صرف جذباتی گہرائی رکھتا ہے بلکہ کہانی کا اہم محور بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp